🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد ابراہیم بن بشیر حفظہ اللہ
فائده◄ اس واقعے سے سیدنا حاطب بن ٱبی بلتعہ رضی اللہ عنہ کی سچ گوئی ثابت ہوتی ہے کہ ان...
فائده◄ اس واقعے سے سیدنا حاطب بن ٱبی بلتعہ رضی اللہ عنہ کی سچ گوئی ثابت ہوتی ہے کہ ان سے اجتہادی غلطی سرزد ہوئی تھی تو انہوں نے اسے مکمل وضاحت اور صاف گوئی سے بیان کر دیا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ تمام بدری صحابہ کرام رضی اللہ عنہن کو اللہ تعالیٰ نے خاص مقام عطا فرمایا ہے، اور تمام بدری صحابہ کرام رضی اللہ عنہن میں سے کوئی بھی منافق نہیں تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی بات کا زبردست رد کرتے ہوئے سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کا دفاع کیا۔ یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ بعض روافض صحابہ کرام رضی اللہ عنہن پر اعتراض کرتے ہیں کہ بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہن مرتد ہو گئے تھے۔ حالانکہ یہ اعتراض درست نہیں ہے۔
اس کے جواب میں شیخنا محدث ارشاد الحق اثری رحمہ اللہ لکھتے ہیں ”مگر یہ اعتراض بھی درست نہیں ہے، بلکہ صحابی کی تعریف کو پیش نظر نہ رکھنے کا نتیجہ ہے، صحابی کی تعریف یہ ہے کہ جس نے ایمان کی حالت میں رسول اللہ سلیم سے ملاقات کی ہو، اور وہ اسلام پر فوت ہوا ہو“۔ (الاصابہ: 8/1 وغیرہ) اور جو کوئی اسلام سے مرتد ہو گیا، اسے صحابی شمار نہیں کیا جاتا، جیسے عبداللہ بن خطل جس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ اگر وہ بیت اللہ کے غلاف کے نیچے بھی چھپا ہوا ہو تو اسے قتل کر دو، چنانچہ اسے اس حالت میں قتل کر دیا گیا، یا جیسے عبداللہ بن جحش جو سیدنا ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کا خاوند تھا۔ دونوں نے ہجرت حبشہ کی۔ حبشہ میں عبداللہ عیسائی ہو گیا۔ بعض وہ بھی تھے جومرتد ہوئے مگر پھر اسلام میں پلٹ آئے، وہ بھی صحابی شمار ہوتے ہیں، جیسے اشعث بن قیس، قرہ بن ہبیرہ، عمرو بن معد یکرب وغیر ہ، لہٰذا جب صحابی کی تعریف میں یہ بات شامل ہے کہ وہ اسلام پر فوت ہوا ہو، تو اس روایت سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ایمان پر قائم نہ رہنے پر استدلال کیونکر ہوسکتا ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوۓ لکھتے ہیں: ”ولا شك أن مـن ارتـد سـلب اسم الصحبة لأنها نسبة شريفة إسلامية فلا يستحقها من ارتد بعد أن اتصف بها۔“ (فتح الباری: 490/6) اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جو مرتد ہو گیا، اس سے ”صحابی“ کا لقب سلب ہو گیا، کیونکہ صحابی اسلام کی مہتم بالشان نسبت ہے۔ صحابی ہونے کے بعد جو اسلام سے مرتد ہوا، وہ اس لقب کا مستحق نہیں۔ (مقام صحابه از ارشادالحق اثری بس: 96 تا 98)
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير 49