🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد ابراہیم بن بشیر حفظہ اللہ
فائدہ: اس حدیث میں نو افراد کا ذکر ہے ، دسویں سیدنا ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ ہیں...
فائدہ:
اس حدیث میں نو افراد کا ذکر ہے، دسویں سیدنا ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ ہیں۔ ان دس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ”عشرہ مبشرہ“ کہا جاتا ہے، اور یہ تمام قریش میں سے تھے۔ یہ دس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین تمام صحابہ کرام سے افضل ہیں۔ آپ سات نے مختلف مواقع پر بے شمار صحابہ کرام کو جنتی کہا ہے، بلکہ تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جنتی ہیں۔ اس پر قرآن و حدیث میں بے شمار دلائل ہیں۔ ایک دلیل یہ ہے کہ «رضي الله عنهم ورضوا عنه» ۔ جس سے اللہ تعالیٰ راضی ہو وہ جنت میں جائے گا، اور تمام صحابہ کرام سے اللہ رب العزت راضی ہیں، والحمد للہ۔ اس کے علاوہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی موقع پر حراء پہاڑ پر کھڑے ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے نام گنوائے کہ یہ لوگ جنتی ہیں۔ اس حدیث میں جو ترتیب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے، اس پر ہمارا ایمان ہے۔ خلیفۂ اول سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ، خلیفۂ ثانی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ، خلیفۂ ثالث سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ اور خلیفۂ رابع سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہیں۔ راقم کی تحقیق میں کسی بھی حدیث میں اس ترتیب کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہے، بلکہ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما کا نام لیا، تب بھی پہلے سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ذکر فرمایا، پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا ذکر فرمایا۔ اس ترتیب سے اختلاف درست نہیں ہے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير 84