🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد ابراہیم بن بشیر حفظہ اللہ
فائدہ: اس حدیث میں اس شخص کے لیے بشارت ہے جس نے احادیث کو سنا، انھیں یاد کیا اور...
فائدہ:
اس حدیث میں اس شخص کے لیے بشارت ہے جس نے احادیث کو سنا، انھیں یاد کیا اور پھر انھوں نے اگلے لوگوں تک پہنچا دیا۔ علوم حدیث کو سیکھنے والا اور فریضہ تبلیغ ادا کرنے والا شخص انتہائی خیر و برکت والا ہوتا ہے لیکن یہ تب ہے جب اس کی نیت بھی درست ہو اور بدعات و خرافات اور احادیث ضعیفہ وموضوعہ سے کلی اجتناب کرنے والا ہو۔
علم کے کئی درجات ہیں، ہر کسی کے پاس علم برابر نہیں ہوتا، کم علم والا یہ نہ سمجھے کہ میرے پاس تو علم کم ہے، میں تبلیغ کیوں کروں، بلکہ بسا اوقات استاد کم علم والا ہوتا ہے اور اس کا شاگرد اس سے آگے بڑھ جاتا ہے، اسی لیے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «بلغوا عني ولو آية» ، اگر کسی کے پاس ایک آیت کا بھی علم ہے، تو وہ اس کو بھی آگے پہنچا دے۔
فقہ سے مراد قرآن و حدیث ہے۔ تمام کے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین فقیہ تھے، ان کی فقاہت صرف قرآن وحدیث پر مشتمل تھی، اور اس میں نجات ہے۔افسوس کہ بعض الناس نے اپنے ائمہ کے اقوال کو فقہ سمجھ لیا ہے،خواہ وہ قرآن وحدیث کے مخالف ہی کیوں نہ ہوں، یاد رہے کہ ہر وہ بات مردود ہے جو قرآن و حدیث کے خلاف ہو۔ الـرامـهـر مـزی نے کتاب المحدث الفاصل میں اس حدیث پر زبردست بحث کی ہے۔ تفصیل کا طالب اس کی طرف رجوع کرے۔
اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ دل کو کینہ وحسد سے پاک صاف رہنا چاہیے۔ خصوصاً خالص عمل (اس سے مراد وہ عمل ہے جو قرآن وحدیث کے مطابق ہو اور صرف اللہ تعالی کی رضا کے لیے ہو)،مسلمان حکمرانوں کی خیر خواہی (اس سے مرادان کی قرآن وحدیث کے مطابق راہنمائی کرتے رہنا تا کہ وہ راہ راست پر قائم رہیں) کرنی چاہیے۔
اس حدیث میں اہل حدیث کی زبردست فضیلت ثابت ہوتی ہے کیونکہ ان کا کام پوری زندگی حدیث سے منسلک ہوتا ہے۔ کبھی حدیث پڑھ رہے ہیں، کبھی پڑھا رہے ہیں، کبھی زبانی یاد کر رہے ہوتے ہیں اور کبھی سنا رہے ہوتے ہیں۔ یہ فضیلت ان لوگوں کو نہیں مل سکتی جن کا اوڑھنا اور بچھونا فقہ اور منطق وغیرہ ہے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير 89