🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد ابراہیم بن بشیر حفظہ اللہ
فائدہ: مخابرہ مزارعت کے ہم معنی ہے بلکہ مساقات ، مزارعہ اور مخابرہ ایک ہی معنی میں ہیں ۔...
فائدہ:
مخابرہ مزارعت کے ہم معنی ہے بلکہ مساقات، مزارعہ اور مخابرہ ایک ہی معنی میں ہیں۔ مزارعت ان کاموں میں سے ہے جو لوگوں میں زمانہ قدیم سے جاری ہیں۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص کچھ درختوں کا مالک ہوتا ہے لیکن ان کا پھل لینے کے لیے ان کی مناسب دیکھ بھال اور محنت نہیں کر سکتا یا کسی کے پاس زرعی زمین ہوتی ہے لیکن اس سے پیداوار حاصل کرنے کے لیے کما حقہ محنت اور رکھوالی نہیں کر سکتا جبکہ کسی دوسرے شخص کی ملکیت میں نہ درخت ہوتے ہیں اور نہ زمین کا کوئی ٹکڑا، البتہ اگر اسے درخت یا زمین مہیا ہو جائے تو محنت کر کے ان کا پھل یا زمین سے پیداوار حاصل کر سکتا ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر شریعت نے فریقین کو مزارعت اور مساقات کی اجازت دے دی کیونکہ اس میں دونوں کی مصلحت اور فائدہ ہے نیز نقصان سے بچاؤ ہے۔
درحقیقت شریعت کے ہر حکم کی بنیاد عدل و انصاف اور مصلحت کے حصول اور نقصان سے بچاؤ پر ہے۔ ایک شخص اپنی زمین دوسرے کو دیتا ہے کہ وہ اس میں کاشت کرے یا زمین اور بیج دونوں کاشت کر نے والے کو دے تا کہ وہ اس زمین میں بیچ ڈالے اور اس کی نگرانی کرے تو آمدن میں سے ایک (غیر مخصوص) حصے کا وہ مستحق ہوگا باقی آمدن مالک کی ہوگی۔ یہ مزارعت کے نام سے معروف ہے۔
مساقات ومزارعت کے جواز پر کئی ایک دلائل ہیں۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: «أن رسول الله صلى الله عليه وسلم عامل أهـل خيبر بشطر ما خرج منها من زرع» ”بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اہل خیبر سے طےکیا تھا کہ جو پھل اور غلہ ان کی زمینوں اور باغات سے حاصل ہو گا۔ نصف نصف تقسیم کیا جائے گا۔ [صحيح البخاري كتاب الحرث والــمــزارعة بـاب الـمزارعة بالشطر ونحوه حديث: 2328- وصـحـيـح مـسـلـم المساقاة باب المساقاة والمعاملة حديث 1551 واللفظ له]
صحیح مسلم میں ہے: «أن رسول الله صلى الله عليه وسلم دفع إلى يهود خيبر نخل خيبر وأرضها على أن يعتملوها من أموالهم ولهم شطر ثمرها» ”نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیر کی کھجوروں کے درخت اور زمین یہودیوں کے حوالے کر کے انصف حصہ بٹائی پر معاملہ طے کرایا“۔ [صـحـيـح مـسـلـم الـمساقاة باب المساقاة والمعاملة حديث 1551]
اس مضمون کی ایک روایت امام أحمد رحمہ اللہ نے بھی اپنی مسند میں بیان کی ہے۔ [مسند أحمد: 1/ 250]
امام ابن قیم رحمہ اللہ لکھتے ہیں: خیبر کا قصہ مساقات اور مزارعت کے جواز پر دلیل ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات تک یہ معاہدہ قائم رہا منسوخ نہیں ہوا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد خلفائے راشدین ان کا اس پر تعامل رہا۔ اس معاہدے کی بنیاد اجرت پر نہ تھی بلکہ اس کا تعلق مشارکت سے تھا اور مضاربت کے مثل معاملہ تھا۔ (زاد المعاد: 3/ 345)
ابن قدامہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”اس پر خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم نے اپنی اپنی خلافت میں عمل کیا اور کسی سے اس کا انکار بھی ثابت نہیں۔ [المغنى والشرح الكبير 5/ 555]
نیز امام موصوف فرماتے ہیں: جو بات حدیث اور اجماع کے مخالف ہو اس پر اعتماد نہیں ہوسکتا۔ کھجور یا دیگر درختوں کے اکثر مالکان ان کو پانی دینے سے قاصر ہوتے ہیں اور نہ کسی کو اجرت پر رکھ سکتے ہیں۔ اور بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں کہ ان کے پاس درخت نہیں لیکن وہ پھل کے ضرورت مند ہوتے ہیں تو اس مزارعت کی مشروعیت میں دونوں کی ضرورتیں پوری ہو جاتی ہیں اور دونوں فریقوں کو فائدہ ہو جا تا ہے۔ [المغنى والشرح الكبير 5/ 555]
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير 410