🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

ادارہ محدث
جرابوں اور موزوں پر مسح کرنا صحیح احادیث سے ثابت ہے1323
فوائد و مسائل:
جرابوں اور موزوں پر مسح کرنا صحیح احادیث سے ثابت ہے۔ جہاں تک چمڑے کے موزوں کا تعلق ہے تو اس بارے میں کسی کا کوئی اختلاف نہیں کہ ان پر مسح کرناجائز ہے۔ جرابوں پر بھی بنیادی طور پر تمام ائمہ اور علماء کے نزدیک مسح کرناجائز ہے فرق اتنا ہے کہ بعض نے کچھ شرطیں لگائی ہیں کہ اگر وہ شرائط پوری ہوں تو پھر جرابوں پر مسح کرنا جائز ہو گا ورنہ نہیں۔ جیسا کہ آپ نے بھی اپنے خط میں بعض شرائط کا ذکر کیا ہے۔ حالانکہ جرابوں پر مسح کرنے کے بارے میں جو احادیث ہیں ان میں کسی قسم کی شرائط کا ذکر نہیں۔
ذیل میں ہم وہ مرفوع احادیث پیش کرتے ہیں جن کے عموم یا خصوص سے جرابوں پر مسح ثابت ہوتا ہے۔
پہلی حدیث:
امام احمد نے اپنی مسند میں اور امام ابوداؤد نے اپنی سنن میں یہ حدیث صحیح سند کے ساتھ بیان کی ہے کہ
«بعث رسول الله صلى الله عليه وسلم سرية فاصابهم البرد فلما قدمو على النبى صلى الله عليه وسلم شكوا اليه ما اصابهم من البرد فامرهم ان يمسحوا على العصائب والتساخين»
[سنن ابي داؤد 146، باب لمسح على العمامة]
”یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک قافلہ بھیجا تو سرد موسم کی وجہ سے انہیں تکلیف پہنچی جب وہ واپس نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو سردی کی تکلیف کی شکایت آپ سے کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں پگڑیوں اور «تساخين» پر مسح کرنے کا حکم دیا۔“
عربی میں «تساخين» ہر اس چیز کو کہا جاتا ہے جس سے پاؤں گرم رکھے جائیں ’ جس میں موزے اور جراب دونوں شامل ہیں۔

دوسری حدیث:
یہ حدیث امام احمد رحمہ الله نے اپنی مسند اور امام ترمذی رحمہ الله اور امام ابن ماجہ رحمہ الله نے اپنی اپنی سنن میں اس کی تخریج کی ہے کہ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ
«ان رسول الله صلى الله عليه وسلم توضاء و مسح على الجوربين والنعلين»
[ترمذي ج ۱ باب المسح على الجورب ص ۱۵]
”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو فرمایا اور جرابوں اور جوتوں پر مسح کیا۔“
مذکورہ حدیث کی کتابوں کے «باب المسح على الجوربين» میں یہ حدیث روایت کی گئی ہے:

تیسری حدیث:
حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کی روایت امام ابن ماجہ رضی اللہ عنہ نے اپنی سنن میں بیان کی ہے۔
«ان رسول الله صلى الله عليه وسلم توضاء و مسح على الجوربين والنعلين»
[ابن ماجه ج۱ كتاب الطهارة باب ماجاء فى المسح على الجوربين والنعلين ص ۲۹۰۔ رقم الحديث ۵۶۰]
”حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو فرمایا اور جرابوں اور موزوں پر مسح کیا۔“
ان احادیث میں ایک تو واضح طور پر جرابوں کے الفاظ آئے ہیں اور دوسرا ان کے ساتھ کسی قسم کی شرائط کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین عظام رحمہ الله میں سے ممتاز شخصیتوں سے جرابوں پر مسح کرنا ثابت ہے۔ جیسے عمر بن خطاب، علی بن ابی طالب، ابومسعود، ابن عباس، ابن عمر، بلال، ابوموسیٰ اشعری رضوان اللہ علیہم اجمیعن۔

اور تابعین میں قتادہ، ابن المسیب، عطاء، نخعی، ابن جبیر اور نافع رحمہم اللہ اجمیعن کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔

اس مسئلے میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی وہ وضاحت مفید ثابت ہو گی:
جو انہوں نے ایک طالب علم کے سوال کے جواب میں فرمائی تھی۔ اس طالب علم نے اسکاٹ لینڈ سے درج ذیل سوال مولانا مرحوم کی خدمت میں ارسال کیا تھا۔
”موزوں اور جرابوں پر مسح کے بارے میں علماء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے میں آج کل تعلیم کے سلسلے میں اسکاٹ لینڈ کے شمالی حصے میں مقیم ہوں۔ یہاں جاڑے کا موسم میں سخت سردی پڑتی ہے اور اونی جراب کا ہر وقت پہننانا گزیر ہے۔ کیا ایسی جراب پر بھی مسح کیا جا سکتا ہے؟ براہ کرم اپنی تحقیق احکام شریعت کی رو شنی میں تحریر فرمائیں۔“
مولانا اس کے جواب میں لکھتے ہیں:
”جہاں تک چمڑے کے موزوں پر مسح کرنے کا تعلق ہے اس کے جواز پر قریب قریب تمام اہل سنت کا اتفاق ہے مگر سوتی اور اونی جرابوں کے بارے میں عموماًً ہمارے فقہاء نے یہ شرط لگائی ہے کہ وہ موٹی ہوں اور شفاف نہ ہوں کہ ان کے نیچے سے پاؤں کی جلد نظر آئے اور وہ کسی قسم کی بندش کے بغیر خود قائم رہ سکیں۔

میں نے اپنی امکانی حد تک یہ تلاش کرنے کی کوشش کی کہ ان شرائط کا ماخذ کیا ہے مگر سنت میں کوئی ایسی چیزنہ مل سکی۔ سنت سے جو کچھ ثابت ہے وہ یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جرابوں اور جوتوں پر مسح فرمایا ہے۔ نسائی کے سوا کتب سنن میں اور مسند احمد میں مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کی روایت موجود ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اور اپنی جرابوں اور جوتوں پر مسح فرمایا۔ ابوداؤد کا بیان ہے کہ حضرت علی، عبداللہ بن مسعود، براء بن عازب، انس بن مالک، ابوامامہ، سہل بن سعد، اور عمرو بن حریث رضی اللہ عنہم نے جرابوں پر مسح کیا ہے۔ نیز حضرت عمر اور ابن عباس رضی اللہ عنہم سے بھی یہ فعل مروی ہے بلکہ بیہقی نے ابن عباس اور انس بن مالک رضی اللہ عنہم سے اور طحاوی نے اوس بن ابی اوس رضی اللہ عنہ سے یہ روایت بھی نقل کی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف جوتوں پر مسح فرمایا ہے اس میں جرابوں کا ذکر نہیں اور یہی عمل حضرت علی رضی اللہ عنہ سے بھی منقول ہے۔ ان مختلف روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف جراب اور صرف جوتے اور جرابیں پہنے ہوئے جوتے پر مسح کرنا بھی اسی طرح جائز ہے جس طرح چمڑے کے موزوں پر مسح کرنا۔ ان روایات میں کہیں یہ نہیں ملتاکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فقہا کی تجویز کردہ شرائط میں سے کوئی شرط بیان فرمائی ہو اور نہ ہی یہ ذکر کسی جگہ ملتا ہے کہ جن جرابوں پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اور مذکورہ بالا صحابہ رضی اللہ عنہم نے مسح فرمایا وہ کس قسم کی تھیں۔ اس لئے میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ فقہاء کی عائد کردہ ان شرائط کو ئی ماخذ نہیں ہے اور فقہاء چونکہ شارع نہیں ہیں اس لئے ان کی شرطون پر اگر کوئی عمل نہ کرے تو وہ گنہگار نہیں ہو سکتا۔

امام شافعی رحمہ الله اور امام احمد رحمہ الله کی رائے یہ ہے کہ جرابوں پر اس صورت میں آدمی مسح کر سکتا ہے کہ جب آدمی جوتے اوپر سے پہنے رہے۔ لیکن اوپر جن صحابہ رضی اللہ عنہم کے آثار نقل کئے گئے ان میں سے کسی نے بھی اس شرط کی پابندی نہیں کہ ہے۔

«مسح على الخفين» کے مسئلے پر غور کر کے میں نے جوکچھ سمجھا ہے وہ یہ ہے کہ دراصل تیمم کی طرح ایک سہولت ہے جو اہل ایمان کو ایسی حالتوں کے لئے دی گئی ہے جبکہ وہ کسی صورت سے پاؤں ڈھانکنے رکھنے پر مجبور ہوں اور باربار پاؤں دھونا ان کے لئے موجب نقصان یا وجہ مشقت ہو۔ اس رعایت کی بنا پر اس مفروضے پر نہیں ہے کہ طہارت کے بعد موزے پہن لینے سے پاؤں نجاست سے محفوظ رہیں گے اس لئے ان کے دھونے کی ضرورت باقی نہ رہے گی بلکہ اس کی بنا اللہ کی رحمت ہے جو بندوں کو سہولت عطاکرنے کی مقتضی ہوئی۔ لہٰذا ہر وہ چیز جو سردی سے یا راستے کے گردوغبار سے بچنے کے لئے یا پاؤں کے کسی زخم کی حفاظت کے لئے آدمی پہنے اور جس کے باربار اتارنے اور پھر پہننے میں آدمی کو زحمت ہو۔ اس پر مسح کیا جا سکتا ہے خواہ وہ اونی جراب ہو یا سوتی، چمڑے کا جوتا ہو یاکر مچ کایا کوئی کپڑا ہی ہو جو پاؤں پر لپٹ کرباندھ لیاگیا ہو۔“
[بحواله رسائل ومسائل جلد دوم ص ۲۵۸]

مولانا کی اس وضاحت کے بعد ان شرائط کی حیثیت معلوم ہو جاتی ہے جن کاسوال میں ذکر کیا گیا ہے۔ بعض لوگ ان مسائل میں خواہ مخواہ الجھتے ہیں، اور لوگوں پر سختی کرتے ہیں۔ حالانکہ جن کاموں میں اللہ نے رخصت دی ہے لوگوں کو اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع دینا چاہئے۔
«هذا ما عندي والله أعلم بالصواب»
اسلام کیو اے 13806