🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: (1) قَدَرٌ: دال کی زبر اور سکون کے ساتھ پڑھا جاتا ہے، معنی ہے اندازہ،...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
قَدَرٌ:
دال کی زبر اور سکون کے ساتھ پڑھا جاتا ہے،
معنی ہے اندازہ،
مقدار،
قدرت و طاقت۔
(2)
يَتَقَفَّرُونَ:
وہ تلاش اور جستجو کرتے ہیں،
اگر قاف کی بجائے فاء پہلے ہو یعنی يَتَفَرَّقُونَ تو معنی ہو گا باریکیاں نکالتے ہیں،
گہرائی میں اترتے ہیں۔
(3)
الْأَمْرَ أُنُفٌ:
ہر کام نئے سرے سے ہو رہا ہے،
اللہ تعالیٰ کو پہلے سے اس کا علم نہیں،
اللہ تعالیٰ کو وقوع کے بعد پتہ چلتا ہے۔
(4)
حُفَاةٌَ:
حَافٍ کی جمع ہے۔
ننگے پاؤں والے،
عُرَاةٍ کا مفرد عَارٍ ہے،
ننگے بدن والے،
عَالَةٌ کا مفرد عائل ہے۔
فقیر و محتاج،
رِعَاءٌ راء کے کسرہ کے ساتھ رَاعٍ کی جمع ہے چرواہا۔
(5)
يَتَطَاوَلُونَ:
عمارات کے ارتفاع و بلندی اور کثرت پر ایک دوسرے سے بڑھیں گے اور ان کے حسن و زیبائش پر ایک دوسرے پر فخر کریں گے۔
(6)
مَلِيًّا:
میم کے فتح اور یاء کی تشدید کے ساتھ،
کافی عرصہ یا دیر تک ٹھہرنا۔
سنن کی روایت ہے کہ یہ عرصہ تین دن تھا۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ مجلس سے جلد چلے گئے تھے،
اس لیے ان کو آپ نے بعد میں بتایا اور حاضرین کو اسی مجلس میں بتا دیا تھا۔
فوائد ومسائل:
جبریل عليه السلام کی آمد اور آپ سے گفتگو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے بالکل آخری دور میں ہوئی،
گویا جس دین کی تکمیل،
آپ کی تیئس سالہ زندگی میں ہوئی،
آخری دور میں حضرت جبریل کے سوالات اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جوابات کی صورت میں اس کا خلاصہ اور نچوڑ صحابہ کرام رضي الله عنهم کے سامنے پیش کر دیا گیا،
اور اسی حدیث کو حدیث جبریل کے نا م سے موسوم کرتے ہیں۔
اس حدیث میں چونکہ پورے دین کا نچوڑ،
خلاصہ اور عطر آگیا ہے،
جس طرح فاتحہ میں پورے قرآن کا نچوڑ اور مغز آگیا ہے،
اس لیے اس حدیث کو ام السنۃ یا ام الحدیث کا نام دیا گیا ہے،
جس طرح کہ فاتحہ کو ام القرآن یا ام الکتاب کہا جاتا ہے۔
دین کا حاصل اور روح تین باتیں ہیں:
(الف)
انسان اپنے آپ کو کلی طور پر اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دے اس کا مطیع اور فرماں بردار بن جائے،
اپنی پوری زندگی اس کی بندگی میں گزارے،
اس کا نام اسلام ہے،
اور اس کے پانچ ارکان،
توحید ورسالت کا اقرار وشہادت،
نماز،
زکاۃ،
روزہ او بیت اللہ کا حج یہ اسلام کا پیکرِ محسوس اور بندگی کا مظہر ہیں۔
(ب)
ان غیبی حقیقتوں کا ماننا اور ان پر یقین کرنا،
جو اللہ تعالیٰ کا رسول بتلائے اور ان کے ماننے کی دعوت دے اس کا نام ایمان ہے،
جس کے چھ ارکان ہیں،
اللہ تعالیٰ،
فرشتوں،
آسمانی کتابوں،
رسولوں،
قیامت اورتقدیر خیر وشر پر ایمان لانا۔
(ج)
اسلام اور ایمان کا اس قدر پختہ یقین،
جس کی بنا پر اللہ تعالیٰ کی ذات کا ایسا استحضار ہو کہ اس کے احکام وفرامین،
اور اس کے اوامر ونواہی کی تعمیل اس طرح ہونے لگے گویا وہ ہماری آنکھوں کے سامنے ہے اور ہمیں دیکھ رہا ہے۔
فرماں برداری اور بندگی کی اس کیفیت کا نام احسان ہے۔
اگرچہ انسان دنیا میں نہیں دیکھ سکتا مگر دیکھنے کا تصور کر رہا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ تو دیکھ رہا ہے اور اصل میں اسی کے دیکھنے کا اعتبار ہے کیونکہ اجر وثواب اسی نے دینا۔
اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا:
یہ ہے کہ اس کو ان تمام صفات کمال سے متصف مانا جائے جو قرآن وحدیث میں آئی ہے اور ان کو بلا تشبیہ وتمثیل اور بلا تکییف وتاویل تسلیم کیا جائے۔
اور اس کو تمام صفاتِ نقص سے منزہ اور پاک مانا جائے،
اس کی ذات،
صفاتِ افعال اور حقوق میں کسی کو شریک وسہیم قرار نہ دیا جائے،
پوری کائنات کا خالق ومالک اور مدبر ومنتظم مانا جائے،
نفع ونقصان کا مالک صرف اسی کو تسلیم کیا جائے۔
اس لیے تمام حوائج وضروریات کا پورا کرنے والا اور تمام مشکلات کا حل کرنے والا اسے ہی مانا جائے۔
ملائکہ پر ایمان لانا:
یہ ہے کہ وہ ایک مستقل مخلوق ہے جس طرح انسان،
جن اور حیوان ایک الگ الگ اور مستقل مخلوق ہیں۔
فرشتے اللہ تعالیٰ کی ایک پاکیزہ اورمحترم مخلوق ہے،
یعنی"عباد مکرمون" معزز ومکرم بندے ہیں،
جن میں شر اور شرارت،
عصیان وسرکشی اور نافرمانی کا مادہ نہیں ہے۔
﴿لَّا يَعْصُونَ اللَّـهَ مَا أَمَرَهُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ﴾ (التحريم: 6)
”وہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی نافرمانی نہیں کرتے،
جو حکم ملتا ہے اس کی تعمیل کرتے ہیں۔
“ ﴿لَا يَسْبِقُونَهُ بِالْقَوْلِ وَهُم بِأَمْرِهِ يَعْمَلُونَ﴾ (الأنبياء: 27)
”بات میں پہل نہیں کرتے،
صرف اس کے حکم کے مطابق ہی کام کرتے ہیں۔
“ اس طرح قرآن وسنت میں ان کی جو صفات اور فرائض وذمہ داریاں بیان کی گئی ہیں ان کو دل کی گہرائی سے ماننا "ایمان بالملائکہ" ہے۔
اللہ تعالیٰ کی کتابوں پر ایمان لانے کا مقصد یہ ہے کہ تسلیم کیاجائے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رشد وہدایت اور رہنمائی کے لیے وقتا فوقتا جو ہدایت نامے بھیجے وہ برحق تھے اور اب آخری ہدایت نامہ قرآن مجید ہے جو پہلی تمام کتابوں کا مصداق اور مھیمن (نگہبان ومحافظ)
ہے۔
یہ ہدایت نامہ،
آسمانی ہدایت ناموں کا گویا آخری اور مکمل ترین ایڈیشن ہے،
جو تمام آسمانی کتابوں کے اساسی وبنیادی اور ضروری مضامین پر مشتمل ہے۔
سب سے مستغنی اور بے نیاز کر دینے والا ہے۔
رہتی دنیا تک کے تمام انسانوں کی ضرورت کا کفیل ہے۔
اب انسان کسی اور ہدایت نامے (آسمانی کتاب)
اور شریعت ودین کے محتاج نہیں ہیں،
اللہ تعالیٰ نے قیامت تک،
اس کے حضاظت کی ذمہ داری اٹھائی ہے،
فرمایا:
﴿إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ﴾ (الحجر: 9)
”بے شک ہم ہی نے ذکر اتارا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں۔
“ اللہ تعالی ٰ کے رسولوں پر ایمان لانا یہ ہے کہ اس واقعی حقیقت کا صدق دل سے اقرر کیا جائے کہ اللہ تعالیٰ نے وقتا فوقتا اپنے بندوں کی رشد وہدایت اور رہنمائی کے لیے،
اپنے مخصوص،
برگزیدہ اور منتخب بندوں کو اپنی رضا مندی کا مظہر ضابطہء حیات اوردستورِ زندگی دے کر مختلف علاقوں اور مختلف لوگوں کی طرف بھیجا۔
انہوں نے انتہائی دیانت وامانت اور فرض شناسی سے اللہ تعالیٰ کا پیغام انسانوں تک پہنچایا اور انہوں نے انسانوں کو راہ راست پر لانے اور کفر وضلالت سے بچانے کےلیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور انتہائی محنت ومشقت برداشت کرتے ہوئے اپنے فرض منصبی سے عہدہ برآ ہوئے،
وہ سب کے سب صادق اور امین تھے،
ان میں سے کسی نے بھی اپنا فرض ادا کرنے میں کوتاہی نہیں کی اور نہ کسی نے سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کیا،
ان میں سے چند ایک کے حالات واقعات قرآن وسنت میں بیان کیے گئے ہیں اور اکثر کے حالات پردہ خفا میں ہیں،
فرمایا:
﴿مِنْهُم مَّن قَصَصْنَا عَلَيْكَ وَمِنْهُم مَّن لَّمْ نَقْصُصْ عَلَيْكَ﴾ (الْمُؤْمن: 78)
”ان میں سے بعض کا حال ہم نے آپ سے بیان کیا ہے اور بعض کا حال آپ سے بیان نہیں کیا ہے۔
“ رسالت ونبوت کا یہ سلسلہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم کر دیا گیا ہے۔
اب کسی نبی یا رسول کا آنا ممکن نہیں ہے اور جو بھی یہ دعویٰ کرتا ہے،
یا کرے گا وہ جھوٹا اور مکار ہے اور اس کو ماننے والا دائرہ اسلام سے خارج ہوگا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیاء اور اللہ تعالیٰ کے آخری رسول ہیں:
﴿مَّا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِكُمْ وَلَـٰكِن رَّسُولَ اللَّـهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ﴾ (الأحزاب: 40)
”محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں،
البتہ اللہ کے رسول ہیں اور تمام نبیوں کے خاتم ہیں۔
“ قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے نجات وفلاح آپ ہی کی پیروی پر موقوف ہے اور آپہ ی کی ہدایات وتعلیمات کی پابندی ایمان کی علامت اورنشانی ہے۔
ایمان بالیوم الآخر کا معنی یہ ہے کہ:
اس حقیقت کا یقین کیا جائے کہ یہ دنیا اپنے وقت مقررہ پر انجام کو پہنچ جائے گی یعنی موجودہ کائنات فنا کر دی جائے گی،
دنیا کے خاتمہ پر اللہ تعالیٰ اپنی قدرت کاملہ سے تما م انسانوں کو دوبارہ زندہ فرمائے گا اور ان سے ان کی زندگی کا حساب وکتاب لے گا،
انسان نے جو کچھ اس دنیا میں کیا ہے اس کی جزا یا سزا پائے گا جو بویا ہے اسے ہی کاٹے گا،
انسان کی کامیابی وکامرانی یا ناکامی ونامرادی کا دارومدار انسان کے اپنے عقیدہ اور عمل پر ہے۔
ایمان بالقدر یہ ہے کہ:
اس بات کا اقرار کیا جائے کہ دنیا میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے خیر ہے یا شر نیک ہے یا بد،
کفر وشرک ہے یا ایمان ویقین،
شریعت ودین کی پابندی وپاسداری ہے یا نافرمانی وعصیان اور سر کشی،
اس سب کا اللہ تعالیٰ کو پہلے سے علم ہے اور سب کچھ اس کے ارادہ اور مشیت کے تحت ہو رہا ہے،
لیکن وہ ایمان ویقین اور اطاعت وفرمانبرداری کو پسند فرماتا ہے اور کفر وعصیان کو ناپسند کرتا ہے:
﴿لَا يَرْضَىٰ لِعِبَادِهِ الْكُفْرَ ۖ وَإِن تَشْكُرُوا يَرْضَهُ لَكُمْ﴾ (الزمر: 7)
”وہ اپنے بندوں کے لیے کفر کو ناپسند کرتا ہے اور اگر تم شکر کرو گے تو وہ اسے تمہارے لیے پسند کرتا ہے۔
“ دنیا میں کوئی چیز اس کی منشا کے بغیر ممکن نہیں ہے وہ جو کچھ چاہتا ہے وہی وہتا ہے اورجو کچھ نہیں چاہتا وہ نہیں ہو سکتا،
ایسا نہیں ہے کہ وہ تو کچھ اور چاہتا ہو لیکن اس دنیا میں اس کی منشا کے خلاف کچھ اور واقع ہو جائے وہ عاجز اور بے بس نہیں ہے بلکہ قدرت کاملہ کا مالک ہے۔
اس کا علم محیط ہے یعنی ازلی وابدی ہے۔
ہر چیز کو اس کے وقوع سے پہلے جانتا ہے اور اس دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے،
اس کے علم کے مطابق ہو رہا ہے ایسا نہیں ہے کہ اس کے علم میں کچھ ہواور واقع کچھ اور ہوجائے۔
قدریہ جو معبد جہنی کے پیروکار ہیں:
وہ ان چیزوں کے منکر ہیں،
ان کے بقول اللہ تعالیٰ کو پہلے سے کسی چیز کا علم نہیں ہے،
بلکہ اس وقت علم ہوتا ہے جب کوئی چیز واقع ہوجاتی ہے،
اس فرقہ کو جو تقدیر کا منکر ہے قدریہ اس لیے کہتے ہیں کہ یہ لوگ تقدیر کے مسئلہ پر بہت بحث وتمحیص کرتے ہیں،
اہل حق تمام کاموں کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کرتے ہیں۔
اور ان کے تما م افعال،
خیر ہوں یا شر،
نیک ہوں یا بد کا خالق اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرتے ہیں،
انسان کو صرف فاعل (کرنے والا)
اور کَاسِبُ (کمانے والا)
قرار دیتے ہیں او ر قدریہ تمام افعال کا خالق اپنے آپ کو یعنی انسان کو قرار دیتے ہیں،
گویا قدر اور فعل کی نسبت اپنی طرف کرتے ہیں،
اس لیے ان کا نام قدریہ رکھا گیا،
لیکن یہ عقیدہ قدیم قدریہ کا تھا جو ختم ہوچکے ہیں،
معتزلہ کو بھی قدریہ کہتے ہیں،
کیونکہ وہ بھی اس بات کےقائل تھے کہ بندہ قادر ہے اور وہ خود اپنے افعال خیر ہوں یا شر،
کفر وضلالت ہوں یا رشد وہدایت کاخالق ہے۔
رافضی یعنی شیعہ کا موقف بھی یہی ہے،
اہل حدیث کے نزدیک ہر چیز کا خالق اللہ تعالیٰ ہے اس کے سوا کوئی بھی خالق نہیں،
یہاں تک کہ انسان کے ارادہ و اختیار اور انکار وخیالات کا خالق بھی وہی ہے۔
جدید قدریہ:
خیر کا خالق اللہ تعالیٰ کو مانتے ہیں اور شرکا انسان کو اس لیے ان کو محبوس قرار دیاجاتا ہے کیونکہ مجوسی بھی نور(یزداں)
کو خالق خیر قرار دیتے ہیں اور ظلمت (اہرمن)
کو خالق شر،
جب کہ حقیقتًا یہ لوگ مجوس سے بھی بدتر ہیں،
کیونکہ انہوں نے تو ہر انسان کو خالق قرار دیا ہے۔
احسان:
یہ ہے کہ ہر انسان،
ہر عمل انتہائی خوبی وکمال کے ساتھ اس طرح سر انجام دے گویا کہ وہ اللہ تعالیٰ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہے،
کیونکہ یہ تو ایک حقیقت مسلمہ ہے کہ وہ ہمیں دیکھ رہا ہے اگرچہ ہم اسے دیکھ نہیں رہے ہیں،
اس طرح احسان کا تعلق انسان کی پوری زندگی اور ہر حرکت وعمل سے ہے۔
اس کی حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بندگی وطاعت اوراس کے ہر حکم کی تعمیل اس طرح کی جائے اور اس کے مؤاخذہ ومحاسبہ سے اس طرح ڈرا جائے گویا وہ ہمارے سامنے ہے اور ہماری ہر حرکت وسکون اور ہر قول فعل کو دیکھ رہا ہے اور ہمارا داعیہ عمل جذبہ فعل اور اخلاص ومحنت اس پر عیاں ہے۔
اس حقیقت کو یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ ایک غلام اپنے آقا کے حکم کی تعمیل ایک تو اس وقت کرتا ہے جب اس کا آقا ومالک اس کے سامنے موجود ہوتا ہے اور اس کو یقین ہوتا ہے کہ میرا آقا میرے کام کو اچھی طرح دیکھ رہا ہے اور ایک صورت یہ ہوتی ہے کہ غلام کا آقا اس کے سامنےموجود نہیں ہوتا اوروہ یہ سمجھتا ہے کہ میرا مالک میرے کام کو دیکھ نہیں رہا ہے،
عام طور پر ان دونوں قسم کے حالات میں فرق ہوتا ہے۔
جس قدر توجہ اوراہتمام اور محنت ولگن اور خوبصورتی وہنز مندی سے غلام آقا کے سامنے جب کہ وہ دونوں ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
کام سر انجام دیتا ہے،
اس کی عدم موجودگی یا نظر نہ آنے کی صورت میں اس قدر خوش اسلوبی اور محنت یا کاوش اور ذوق وشوق سے کام نہیں کرتا۔
یہی حال انسان کا اپنے خالق ومالک کے ساتھ ہے کہ جس وقت بندہ یہ محسوس کرتا ہے کہ میرا خالق ومالک مجھے دیکھ رہا ہے۔
میرا ہر کام،
ہر قول وفعل اور اس کاجذبہ محرکہ یا داعیہ عمل اس پر عیاں ہے،
اس وقت اس کے عمل ورویہ میں جو دلی توجہ واہتمام،
محنت ولگن اور اخلاص کا جذبہ کار فرما ہوتا ہے وہ اس وقت نہیں ہوتا۔
جب اسے یہ احسان نہ ہو کہ میرا آقا ومالک مجھے دیکھ رہا ہے۔
اس لیے ہر قول وعمل کے وقت اس احسان کا استحضار ہونا چاہیے کہ میں اپنے مالک کو دیکھ رہا ہوں جیسا کہ وہ مجھے دیکھ رہا ہے کیونکہ اس کا دیکھنا ایک طے شدہ حقیقت ہے،
اس لیے جذبہ مشاہدہ حق کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
علامہ نووی ؒ اور امام سندھی ؒ نے اسی معنی کو ترجیح دی ہے،
لیکن عام طور پر یہ معنی کیا جاتا ہے کہ اعلیٰ درجہ اس حقیقت کو پیدا کرنا ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کو دیکھ رہا ہوں اور وہ مجھے دیکھ رہا ہے،
اس کو مشاہدہ حق کا نام دیا جاتا ہے۔
اگرچہ درجہ پیدا نہ ہوسکے تو کم از کم اس حقیقت کا تو استحضار وتصور ہونا چاہیے کہ وہ (اللہ تعالیٰ)
مجھے دیکھ رہا ہے،
اگرچہ میں اسے نہیں دیکھ رہا ہوں اس کو مراقبہ حق کا نام دیاجاتا ہے۔
علامہ نووی ؒ وسندھی ؒ کے نزدیک انسان کا اللہ تعالیٰ کو نہ دیکھنا ایک حقیقت ہے جس طرح کہ اللہ تعالیٰ کا انسان کو دیکھنا ایک حقیقت ہے،
اس لیے مراقبہ حق کا استحضار اور ذہن نشین ہونا ہی مشاہدہ حق کا ذریعہ وواسطہ ہے۔
اگر انسان کو کسی چیز کا علم نہ ہو تو اسے اہل علم سے دریافت کرنا چاہیے،
اور اہل علم کو سائل کے سوال کا خندہ پیشانی سے جواب دینا چاہیے اور اگر صاحب علم کو کسی سوال کا جواب معلوم نہ ہو تو اسے صاف کہہ دینا چاہیے مجھے اس کا علم نہیں ہے،
تحقیق وجستجو کے بعد بتا سکوں گا اور ہر سوال کا جواب معلوم نہ ہونا اہل علم کی شان کے منافی نہیں،
کیونکہ عالم کے لیے ہر بات کا معلوم ہونا ضروری نہیں ہے۔
جبریل علیہ السلام اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سوالات اور جوابات اس حقیقت کا مظہر ہیں اور قرآن مجید نے اس حقیقت کو یوں بیان فرمایا:
﴿فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ﴾ (النحل: 43)
”اگر تمہیں علم نہ ہو تو اہل علم سے سے پوچھ لو۔
“ علامات قیامت:
(الف)
لونڈی،
اپنی مالکہ اور آقا کوجنے گی۔
شارحین حدیث نے اس جملہ کے مختلف معانی بیان فرمائے ہیں۔
دور حاضر کے مناسب معنی یہ ہے کہ قیامت کے وقوع اور قرب کی علامات میں سے ایک علامت یہ ہے کہ ماں باپ کی نافرمانی عام ہوجائے گی حتیٰ کہ بچیاں جن کی جبلت وسرشت میں ماؤں کی اطاعت اور فرمانبرداری کا جذبہ وافر ہوتا ہے،
جن سے ماں کی سرکشی ونافرمانی کا صدور بظاہر بہت مشکل ہے وہ بھی نہ صرف یہ کہ ماؤں کی نافرمان ہوں گی،
بلکہ الٹا ان پر اس طرح حکم چلائیں گی جس طرح ایک مالکہ اپنی لونڈی پر حکم چلاتی ہے۔
(ب)
بھوکے،
ننگے اور بکریوں کے چرواہے یعنی نچلے طبقہ کے لوگ اونچے اونچے محل او رقلعہ نما کوٹھیاں تعمیر کریں گے،
اس فقرہ میں اس حقیقت کی نشان دہی فرمائی گئی ہے کہ قیامت کے قریب دینوی مال ودولت اور سرداری،
چودھراہٹ ان لوگوں کے ہاتھ میں آئے گی جو اس کے اہل نہیں ہوں گے،
ان کے نزدیک مال ودولت اور حکومت واقتدار کا مقصد ومصرف یہی ہوگا کہ اونچے اونچے اور شاندار محل بنوائے جائیں اور اسی کو سرمایہ فخر و مباہات قرار دیا جائے۔
اس میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش کی جائے گی ہمارے ملک کا صدارتی محل،
وزیر اعظم ہاؤس اور ہمارے لیڈروں کی کوٹھیاں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حقیقت کو ایک دوسری حدیث میں یوں بیان فرمایا ہے:
(إِذَا وُسِّدَ الأَمْرُ إِلَى غَيْرِ أَهْلِهِ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ)
(بخاری)
”جب حکومتی اختیارات اورعہدے ومناصب نا اہلوں کے سپرد ہونےلگیں تو پھر قیامت کا انتظار کرنا۔
“ بعض شبہات کا ازالہ:
(1)
بعض حضرات نے اس حدیث سے استدلال کرتے ہوئے یا محمد! کہنا اور اس کے ذریعہ ندا کرنا جائز قرار دیا ہے اور لکھا ہے یہ ندا ادب اور احترام کے خلاف نہیں،
اگر ندا کرنا ادب واحترام کے خلاف ہوتا تو یا اللہ! کہنا بھی حرام ہوتا،
اس کی تائید میں وہ احادیث بھی پیش کی ہیں جن میں اللہ تعالیٰ اورانبیاء نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یا محمد! کے ساتھ ندا اور خطاب کیا ہے۔
اس کا جواب یہ ہے:
(1)
اللہ تعالیٰ،
جبریل علیہ السلام اور بعض انبیا ء علیہم السلام کا آپ کو یا محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کہنا آپ کی دنیوی زندگی میں اور آپ کے سامنے تھا اور آج آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کو یا محمد حاضر ناظر سمجھ کر استعانت اور استغاثہ کےلیے کہا جاتا ہے۔
اس لیے یہ قیاس مع الفارق ہے،
آپ کو حاضر وناظر سمجھنا اور اس وقت آپ سےاستعانت واستغاثہ کرنا قرآن وسنت کے خلاف ہے۔
کیونکہ آپ کو اب حیات برزخی حاصل ہے،
اور آپ کا ہم سے تعلق ورابطہ ختم ہو چکا ہے،
اس لیے اس عقیدہ کی صورت میں تو یا رسول اللہ! کہنا بھی درست نہیں ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 93