🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: (1) الإيمان: آمن سے ماخوذ ہے اور امن خوف کی ضد ہے، اس لیے اس...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
الإيمان:
آمن سے ماخوذ ہے اور امن خوف کی ضد ہے،
اس لیے اس کا معنی ہے خوف کا نہ ہونا۔
طمانیت و تسکین اور انسان جس سے بے خوف ہوتا ہے،
اس پر اعتماد اور بھروسہ کرتا ہے اور اس سے بیقرار اور پریشان نہیں ہوتا،
اس لیے ایمان کا لفظ چار معنی میں استعمال ہوتا ہے۔
(2)
آمَنهُمْ ان کو بے خوف کر دیا۔
(3)
آمَنَ بِهِ اس کا اعتراف کیا،
اس کو مان لیا۔
(4)
آمَنَ لَه:
اس کی تصدیق کی۔
(5)
آمن عليه:
اس پر اعتماد و بھروسہ کیا۔
اس لیے ایمان کا معنی ہو گا رسول پر اعتماد کرتے ہوئے اس کی بات کی تصدیق کر کے اس کو مخالفت سے بے خوف کر دینا۔
اسلام:
کا معنی ہے،
اپنے آپ کو کسی کے سپرد کر دینا۔
اور اس کے تابع فرمان ہو جانا۔
اس لیے اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے اور اس کے رسولوں کے پیش کردہ،
ضابطہ حیات کا نام اسلام ہے،
کیونکہ اس کی رو سے انسان اپنے آپ کو بالکل اللہ تعالیٰ کے حوالہ کر دیتا ہے اور اس کے مقابلہ میں اپنی رضا سے دستبردار ہو کر،
مکمل طور پر اس کی اطاعت کا عہد کرتا ہے۔
احسان:
حسن سے ماخوذ ہے،
جس کا معنی ہے خوبی و کمال،
استحکام و پختگی،
کام اس طرح کرنا جس طرح کے اس کے کرنے کا حق ہے۔
لقاء:
مصدر ہے جس کا معنی ملاقات ہے،
لیکن یہاں مراد،
حساب و کتاب کے لیے،
اللہ تعالیٰ کے حضور پیشی ہے۔
بعث آخر:
اس سے مراد،
جزا و سزا کے لیے دوبارہ زندہ ہونا ہے۔
اشراط:
شرط شین اور راء کے فتحہ کے ساتھ،
کی جمع ہے جس کا معنی علامت و نشانی ہے یا مقدمات (کسی چیز کے ابتدائی معاملات)
۔
بَهْمٌ:
بَهْمَةٌ کی جمع ہے اور بَهْمٌ بھیڑ بکری کے بچہ کو کہتے ہیں۔
فوائد ومسائل:
1)
ارکان اسلام:
میں سے پہلا رکن اللہ تعالیٰ کی بندگی اور عبادت کرنا اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانا ہے،
یہ رکن اساس اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،
جس پر باقی ارکان کی قبولیت اور ان کے قیام وبقا کا انحصار ہے،
عبادت کے اصل معنی ہیں کسی کے لیے رام ہونا،
اس کے سامنے بچھ جانا اور اس کے حضور انتہائی عاجزی وفروتنی اور بے بسی وانکساری کا اظہار کرنا،
چنانچہ اس کے لیے اطاعت وفرمانبرداری لازم ہے۔
شریعت کی رو سے عبادت:
اس عجز ونیاز اور اطاعت وبندگی کو کہتے ہیں جو کسی کو نفع ونقصان کا مالک سمجھ کر اس کی رضا وخوشنودی کے حصول کےلیے کی جائے۔
اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا،
پہلے جملہ کی تاکید اور توضیح وبیان کے لیے ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بندگی وعبادت کا حق اسی صورت میں ادا ہو سکتا ہے،
جب اس حق میں کسی اور کو دخیل یا شریک نہ کیا جائے۔
2)
لونڈی اپنے مالک اور آقا کوجنے گی:
کا مفہوم یہ ہے کہ بیٹے ماں پر حکمرانی کریں گے،
اس کی خدمت وطاعت کی بجائے اس پر رعب جمائیں گے اور اس کو اپنا تابع فرمان سمجھیں گے۔
3)
ننگے بدن،
ننگے پاؤں،
لوگوں کے سردار ہوں گے:
یعنی نچلے طبقہ کے لوگ اور بے حیثیت اور نا اہل افراد حکمران بنیں گے،
با صلاحیت اور صاحب استعداد لوگ نظر انداز کر دیئے جائیں گے۔
عہدہ اقتدار واختیار کے حصول کا ذریعہ صرف مال ودولت ہوگا،
امانت ودیانت اور علم وفضل کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہے گی۔
4)
پانچ چیزوں کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے:
یہاں اللہ تعالیٰ کے علم کو پانچ اشیاء کے ساتھ مختص کیا گیا ہے،
حالانکہ اس کا علم غیر متناہی ہے اور ہر چیز کا علم صرف اسے ہی ہے،
اس تخصیص کی وجہ یہ ہے کہ آپ سے سوال صرف انھی پانچ چیزوں کے بارے میں ہوا تھا یا اس لیے کہ یہ پانچ اشیاء بنیادی اور مرکز ومرجع کی حیثیت رکھتی ہیں اور باقی اشیاء انہیں کے تحت مندرج ہیں اور اس علم سے مراد کلی اور مجموع علم ہے،
جو اصول اور کلیات پر مشتمل ہے،
بعض افراد یا جزئیات کا علم کسی کو حاصل ہو جائے تو وہ اس کے منافی نہیں۔
نیز اس سے مراد غیبی علم ہے جو حواس،
ہدایت عقل،
علامات وامارات،
اسباب ووسائل اور تجربات واستدلال کے بغیر حاصل ہوتا ہے اگر ان اشیاء خمسہ میں سے کسی جزئی یا جزئیات کا علم،
کسی سبب،
واسطہ وذریعہ یا آلات ووسائل سے حاصل ہوجائے یا ظن وتخمین سے بتا دیا جائے تو وہ اس کے منافی نہیں۔
قیامت کے وقوع کا وقت اور ان کی تعیین کے ساتھ یقینی وقطعی علم مخلوقات میں سے کسی ایک کو بھی حاصل نہیں،
وہ فرشتہ ہو یا رسول،
ولی جن ہو یا عام انسان۔
بارش کس وقت ہوگی،
کتنی ہوگی،
کہاں کہاں ہوگی،
کب تک رہے گی،
اس کے اثرات ونتائج کیا نکلیں گے،
اس کا قطعی ویقینی علم بھی اللہ تعالیٰ کو ہے،
تجربہ ومشاہدہ یا اسباب ووسائل اور آلات سے صرف اندازہ اور تخمینہ لگایا جاسکتا ہے،
ماں کے پیٹ میں کیا ہے،
اس کی رنگت،
ڈیل ڈول،
قد کاٹھ،
عمر،
صحت،
رزق،
احوال کیا ہوں گے،
تمام ارحام کے بیک وقت بلا کسی آلہ وذریعہ،
بلا سبب ووسیلہ اور بغیر تجربہ ومشاہدہ کے احتیاج کے صرف اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے،
تجربہ ومشاہدہ اور آلات کے ذریعہ کسی مخصوص مال کے بارے میں محدود اور ناقص معلومات کا حاصل ہونا،
اس کے خلاف نہیں،
آئندہ کل کے بارے میں کامل معلومات،
پورے حالات وواقعات،
تمام مشاغل اور مصروفیات کا کلی علم،
جو ہر انسان پر حاوی ہے،
صرف اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے،
شخصی اور انفرادی طور پر اور محدود پیمانہ پر بعض پروگرام ترتیب دینا اور اس کے مطابق پروگرام سر انجام دے لینا بھی اس کے منافی نہیں،
یہ الگ بات ہے پروگرام کی ہر جزئی کو وقت کی پابندی کے ساتھ ادا کرنا ایک مشکل معاملہ ہے اسی طرح ہر انسان کی موت،
کب،
کہاں،
کیسے اور کن حالات میں واقع ہوگی،
اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی فرد بشر یا فرشتہ وجن نہیں جانتا۔
ایک اشکال اور اس کا حل:
بعض شارحین حدیث نے لکھا ہے کہ ان علوم خمسہ میں سے حظ وافر اللہ تعالیٰ نے انبیا ء علیہم السلام کو عمومًا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو خصوصًا عنایت فرمایا ہے،
اس کے لیے بعض علمائے اسلام کی عبارات بھی پیش کی ہیں۔
1۔
اس کا جواب یہ ہے کہ صحیح احادیث کی موجودگی میں جب کہ قرآن مجید کی صریح آیت بھی ان احادیث کی تصدیق اور تائید کرتی ہے،
علماء اسلام کا بلا دلیل،
قول حجت نہیں اور وہ قول بھی یقینی نہیں۔
علامہ آلوسیؒ لکھتے ہیں:
(ولیس عندي مایفید الجزم بذلك)
”لیکن مجھے اس پر کوئی قطعی دلیل نہیں ملی“۔
(روح المعانی تفسیر سورۃ لقمان)
۔
2۔
اور ان پانچ اشیاء کا علم ذاتی طور پر یا غیبی طور پر کلی اور مجموعی حیثیت سے صرف اللہ تعالیٰ کو ہے اگر ان میں سے بعض کا علم،
جزئیات اور افراد کے اعتبار سے جزئیات کم ہوں یا زیادہ کسی کوکسی ذریعہ اور واسطہ سے حاصل ہوجائے،
تو وہ اس کے منافی نہیں ہے اور نہ ہی ایسے کسی فرد بشر یا ملکی کو عالم الغیب قرار دیا جا سکتا ہے،
اطلاع علی الغیب کو غیب قرار دینا فریب نفس ہے۔
اور اس اطلاع کےلیے بھی دلیل وحجت اور برہان کی ضرورت ہے،
محض احتمال پیدا کرنا دلیل نہیں۔
اگر اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو غیب کی بعض باتین بتا دینے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عالم الغیب قرار دیاجائے تو پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے معلوم ہونے والی غیب کی جو باتیں بتائی ہیں ان کی وجہ سے امت بھی عالم الغیب ہونی چاہیے،
حالانکہ یہ بات کوئی نہیں کہتا۔
یہ علوم غیب یا علوم خمسہ ہی مفاتیح الغیب ہیں جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہیں،
اس لیے اگر کسی کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے کسی کا علم،
کسی کو دیا گیا ہے تو اس کی قطعی اور یقینی دلیل پیش کرنی ہوگی،
محض امکان یا احتمال دلیل نہیں۔
اما م قرطبیؒ نے تصریح کی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مفاتیح الغیب کی تفسیر ان علوم خمسہ سے کی ہے۔
(فتح الباری)
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 97