🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: : النَّصِيحَةُ: نصيحة کا لفظ انتہائی جامع اور پرمغز ہے، جس میں ہر قسم کی...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
النَّصِيحَةُ:
نصيحة کا لفظ انتہائی جامع اور پرمغز ہے،
جس میں ہر قسم کی بھلائیاں داخل ہیں،
اس لیے جس طرح الحج عرفہ کہا گیا ہے،
کہ عرفہ میں وقوف کے بغیر حج نہیں ہو سکتا،
اسی طرح دین خیرخواہی اور ہمدردی سے عبارت ہے،
اس کے بغیر دین کالعدم ہے۔
بعض حضرات نے اس کو "نَصَحَ الرَّجُلُ ثَوْبَهُ" (آدمی نے اپنے کپڑے سیے)
کے محاورہ سے ماخوذ مانا ہے،
اس لیے نصيحة اس کام کا نام ہے جس سے دوسروں کے عیوب و نقائص دور ہوتے ہیں،
ان کے معاملات میں اصلاح اور درستگی پیدا ہوتی ہے۔
بعض نے اس کو "نَصَحْتُ العسَّل" ”میں نے شہد کو موم سے پاک صاف کیا“ سے ماخوذ مانا ہے،
اس میں خلوص و صفائی کا معنی ہے،
تو نصیحت کا معنی ہو گا خلوص کے ساتھ دوسروں کے معاملات کو سنوارنا اور ان کی اصلاح کرنا۔
فوائد ومسائل:
(الف)
اللہ تعالیٰ کے لیے نصیحت کا معنی ہے:
اللہ تعالیٰ کی ذات اور اس کی تمام صفات کو بلا تشبیہ وتمثیل ماننا۔
اس کے احکام کی پیروی کرنا،
اس کی بندگی میں کسی کو شریک نہ ٹھہرانا،
اس کی شان کے منافی کوئی چیز اس کی طرف منسوب نہ کرنا اور اس کی عبادت وبندگی کی دوسروں کو دعوت دینا،
اور یہ تمام کام انتہائی خلوص اور سچائی کے ساتھ سر انجام دینا۔
(ب)
اللہ کی کتاب کے لیے نصیحت یہ ہے کہ اس کو اللہ تعالیٰ کا کلام مانا جائے جو بے مثل ہے،
اور اللہ کی صفت ہے۔
اس کی تعظیم وتکریم کرنا،
اس کی تلاوت کرتا،
اس پر تدبر وتفکر کرنا اور اس کے احکام وہدایا ت کے سامنے سر تسلیم خم کرنا،
اس کی نشر واشاعت اور تبلیغ کے لیے کوشاں رہنا،
اس کے خلاف شکوک وشبہات پھیلانے والوں کے اعتراضات کا رد کرنا۔
(ج)
اس کے رسول کے لیے نصیحت یہ ہے کہ اس کی رسالت پر ایمان،
اس سے محبت وعقیدت رکھنا اور ا سکی اتباع واطاعت کرنا ور اس کی حمایت ودفاع کےلیے کمر بستہ رہنا،
آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے دوستوں سے محبت اور آپ کے دشمنوں سے عداوت رکھنا اور آپ کےلائے ہوئے دین کی نشر واشاعت اورتبلیغ کرنا۔
(د)
مسلمان حکمرانوں کے لیے نصیحت یہ ہے کہ نیک اور صحیح کاموں میں ان کی اطاعت کرنا،
اس سے توقیر وتعظیم کے ساتھ پیش آنا۔
بلا وجہ ان کی مخالفت نہ کرنا اور ان کے خلاف علم بغاوت بلند نہ کرنا،
اگر اس سے مراد ائمہ دین ہوں تو اس سے مراد ہوگا ان کی تکریم واحترام کرنا،
ان کے بارے میں اچھے جذبات رکھنا،
قرآن وسنت کے مطابق،
اس کی ہدایات وتعلیمات پر عمل پیرا ہونا،
ان کے علم وفضل سے فائدہ اٹھانا،
لیکن اس سے ان کی تقلید کرنا مراد نہیں ہے،
کیونکہ "لَا طَاعَةَ لِمَخْلُوْقٍ فِيْ مَعْصِیَةِ الْخَالِقِ" کا قانون واصول صرف ائمہ سیاست کےلیے نہیں ہے،
ائمہ دین بھی اس میں داخل ہیں اور کسی امام کے بارے میں بھی معصوم ہونے کا دعوی نہیں کیا جاسکتا،
اس لیے ان کی ہر بات آنکھیں بند کرکے تسلیم نہیں کی جاسکتی،
یہ مقام ومرتبہ تو صرف پیغمبر کو حاصل ہے کہ اس کی ہر بات ماننا اور اس کے مطابق عمل کرنا،
ایمان کی جان ہے،
اس کے بغیر انسان،
ایماندار نہیں ہوسکتا۔
(س)
مسلمان عوام کی نصیحت یہ ہے کہ ان کے ساتھ خیر خواہی وہمدردی سے پیش آیاجائے،
ان کے جان ومال اور عزت وناموس کی حفاظت کی جائے،
ان کے دکھ سکھ میں ان کے شریک ہوا جائے،
دل میں ان کے خلاف حسد وکینہ اور نفرت وغصہ نہ رکھا جائے،
ان کے عیوب کو چھپایا جائے،
انہیں دین ودنیا کی بھلائی کی باتوں کی تلقین کی جائے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 196