🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: (1) اہل کتاب کو رسول اللہ ﷺ پر ایمان لانے کی صورت میں دو اجر...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
(1)
اہل کتاب کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کی صورت میں دو اجر ملیں گے،
کیونکہ جب وہ ایک رسول پر ایمان لاچکے ہیں اور وہ اس کوباعث نجات سمجھتے ہیں،
تو اب ان کا آپ پر ایمان لانا بڑے مجاہدہ کا کام ہے۔
کوئی انسان ایک پیر کے بعد دوسرے کو پیر بنانے کے لیے آمادہ نہیں ہوتا،
تو ایک نبی کے بعد دوسرے کو نبی ماننا کتنا سخت اور مشکل مرحلہ ہوگا،
اور یہی محنت ومجاہدہ اجر میں زیادتی کا باعث ہے،
اس لیے قرآن مجید میں ہے:
﴿أُولَـٰئِكَ يُؤْتَوْنَ أَجْرَهُم مَّرَّتَيْنِ بِمَا صَبَرُوا﴾ (القصص: 54)
”ان کو ان کے صبر وتحمل کی بنا پر دوہرا اجرملے گا۔
“ اس طرح غلام جو اپنے آقا کے حقوق پوری طرح ادا کرتا ہے،
اس کے لیے اللہ تعالیٰ کے حقوق آزاد کے مقابلہ میں ادا کرنا بہت مشکل اور مشقت طلب کام ہے،
لیکن وہ اس رکاوٹ اور مانع کو عبور کرتا ہے جو بہت دشوار اور محنت طلب ہے،
اس لیے اس کو بھی دوہرا اجرملے گا۔
اصول ہے:
(اَلْعَطَایَا عَلی مَتْنِ الْبَلَایَا)
”عطیات بقدد تکلیف ملتے ہیں۔
“ اور (أَجْرُکُمْ عَلَی قَدْرِ نَصَبِکُمْ)
”تمہارے اجر تمہاری محنت کی مقدار کے مطابق ہوں گے۔
“ تیسرا شخص جو اپنی لونڈی پر احسان کرتا ہے،
اس کو اچھا کھانا کھلاتا ہے،
اس کی تعلیم و تربیت کا انتظام کرتا ہے،
پھر اپنی لونڈی کو جس سے وہ جس طرح چاہے کام لے سکتا تھا،
اور اس سے استمتاع بھی کر سکتا تھا،
اس کو آزاد کرکے اپنے برابر کی سطح پر لاتا ہے۔
یہ بھی جگر گردہ کا کام ہے،
اور بہت بڑا احسان ہے،
اس لیے اس کو بھی اس نکاح پر دو گنا صلہ ملے گا۔
(2)
قربانی کے اونٹ سے فائدہ اٹھانا جائز ہے،
جیسا کہ حج کے مسائل میں آئے گا،
اس لیے اس سے تشبیہ ہی محل نظر ہے جو اس حکم پر مبنی ہے کہ قربانی کے جانور سے فائدہ اٹھانا درست نہیں۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 387