🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ’’جس پر اللہ اور آپ نے انعام فرمایا‘‘ اس سے مراد: آپ ﷺ کے متبنیٰ...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
”جس پر اللہ اور آپ نے انعام فرمایا“ اس سے مراد:
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے متبنیٰ حضرت زید بن حارثہؓ ہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی شادی اپنی پھوپھی زاد حضرت زینب بنت جحشؓ سے کی،
جو انتہائی حسین وجمیل تھیں،
اور قریشی ہونے کی بنا پر اس شادی پر آمادہ نہ تھیں۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کے فیصلہ کو حتمی قرار دیا،
جس کی بنا پر وہ راضی ہوگئیں،
لیکن وہ اپنے حسن وجمال اور اپنے حسب ونسب کی بلندی کی بنا پر،
حضرت زیدؓ کو وہ اہمیت نہ دیتی تھیں جس کے وہ خاوند ہونے کی بنا پر حق دار تھے،
اس لیے میاں بیوی میں بحث وتکرار رہتی تھی۔
حضرت زیدؓ اس نتیجہ پر پہنچ چکے تھے،
کہ میرا ان سے نباہ ممکن نہیں ہے،
اس لیے مجھے اس کوطلاق دے دینی چاہیے۔
اس کے لیے حضرت زیدؓ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشورہ کیا،
اللہ تعالیٰ نے حضرت زیدؓ کے حوالہ سے جس طرح متبنی ٰ بنانے کی رسم اور جاہلیت کی اس بات کو ختم کیا،
کہ اسے اصل بیٹے کی حیثیت حاصل ہے،
اسی طرح جاہلیت کی اس رسم کو بھی ختم کرنا چاہا کہ متبنیٰ کی بیوی کی بیوی سے شادی نہیں ہو سکتی،
اور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو آگاہ کر دیا کہ حضرت زیدؓ اپنی بیوی کو طلاق دیں گے،
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے شادی فرمائیں گے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ اندیشہ تھا،
کہ اگر میں نے زینبؓ سے شادی کر لی،
تو کافروں اور منافقوں کو میرے خلاف طعن وتشنیع کا طوفان اٹھانے کا موقع ملے گا۔
لوگ کہیں گے:
یہ کیسا نبی ہے،
جس نے اپنے منہ بولے بیٹے کی بیوی اور اپنی بہو سے نکاح کر لیا ہے۔
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہتے تھے،
کہ حضرت زیدؓ طلاق نہ دیں،
تاکہ میرے نکاح کی نوبت ہی پیش نہ آئے۔
لیکن چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم آخری رسول ہیں،
اس لیے اگر اس مسئلہ کا حل آپ کی شریعت میں نہ کر دیا جاتا،
تو قیامت تک یہ رسم ختم نہیں ہو سکتی تھی۔
اس لیے اللہ تعالیٰ کی حکمت کا تقاضا یہی تھا کہ حضرت زیدؓ اپنی بیوی کو طلاق دیں،
اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس سے شادی کر لیں،
اور آپ کا یہ فعل مسلمانوں کے لیے اس بات کی دلیل وحجت بنے،
کہ منہ بولا بیٹا،
جس طرح حقیقی بیٹا نہیں ہے،
اس طرح اس کی بیوی حقیقی بہو نہیں ہے،
کہ اس سے شادی نہ ہو سکے۔
تنبیہ:
اس واقعہ سے یہ استدلال کرنا،
کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو علم غیب حاصل ہے،
کیونکہ آپ کو معلوم تھا کہ انجام کار کیا ہونا درست نہیں ہے،
کیونکہ اگر آپ کوانجام کار کا پتہ تھا،
تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زیدؓ کو طلاق دینے سے کیوں روکا؟ اور لوگوں کے طعن وتشنیع کا اندیشہ کیوں محسوس کیا؟ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم اور فیصلہ کی پابندی لازم ہے،
اس کا یہ معنی نہیں ہے کہ آپ امتی کی جان اورمال کے مالک اور مختار ہیں۔
اگر یہ بات ہوتی تو حضرت بریرہؓ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب حضرت مغیثؓ کے نکاح میں رہنے کا کہا تھا،
آپ یہ نہ فرماتے:
”یہ میرا مشورہ ہے جس کا ماننا یا نہ ماننا تیرے اختیار میں ہے۔
“ اس نے عرض کیا اگر آپ کا حکم اور فیصلہ ہے تو سر آنکھوں پر،
اگر مشورہ ہے تو میں مغیثؓ کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔
کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشورہ کی پابندی لازم نہیں ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 440