🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: 1۔ حدیث میں آپﷺ کے پے درپے بے ہوش ہو جانے کا تذکرہ ہے جس...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
1۔
حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پے درپے بے ہوش ہو جانے کا تذکرہ ہے جس کا سبب درود مرض کی شدت تھا،
جیسا کہ حدیث 92 میں ہے کہ (اشتَدَّ بِهِ وَجعُهُ)
آپ کا درد شدید ہو گیا،
اور بیماری نبوت کے منافی نہیں ہے،
ہاں انبیاء علیہ السلام کو ایسے مرض لاحق نہیں ہوتے جو ان کی شان کی منافی ہوں،
جیسے جنون ودیوانگی،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اخیرعمر میں درد سر اور بے ہوشی کے مرض میں مبتلا ہوئے اور اسی بیماری کے دوران اپنے خالق ومالک سے جا ملے،
جس کا مقصد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اجروثواب اور درجہ مرتبہ کو بڑھانا تھا،
اور یہ بتانا تھا کہ صحت وتندرستی اور شفایابی اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے،
رسول کے قبضہ میں نہیں ہے جس کی دعا اور لعاب دہن سے حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زہر آلود ایڑی کو شفا ملی،
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا آشوب چشم ٹھیک ہوا،
حضرت قتادہ بن نعمان کی آنکھ کا ڈیلا روشن ہوا،
اللہ تعالیٰ کی رضا اور مشیت کے بغیر اپنا مرض دور نہ کر سکا،
کیونکہ شفا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اختیار میں نہ تھی۔
2۔
صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے بیماری کی شدت کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا انتظار کیا،
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بار بار غسل کر کے مسجد میں جانے کی خواہش کا اظہار فرمایا جس سے ثابت ہوا اگر مریض مسجد میں آ سکتا ہو تو اسے جماعت میں شریک ہونا چاہیے اور امام کے آنے کی اُمید ہو تو اس کا انتظار کرنا چاہیے،
اور عذر کی صورت میں کسی دوسرے کو امام بنایا جا سکتا ہے۔
3۔
حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رقیق القلب ہونے کی بنا پر حضرت عمر کو امامت کے لیے کہا،
لیکن حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا،
آپ ہی امامت کے زیادہ حقدار ہیں،
آپ کی فضیلت وبرتری کی بنا پر ہی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا انتخاب فرمایا تھا،
جس سے معلوم ہوا آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تمام صحابہ سے افضل ہیں،
عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس وجہ سے امامت نہیں کرائی،
اور اس بنا پر ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد خلیفہ چن لیے گئے۔
4۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پر حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم وتوقیر کی خاطر پیچھے ہٹنے لگے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ سے روک دیا،
جس سے معلوم ہوا اگر اصل امام آ جائے تو تکبیر تحریمہ سے پہلے،
دوسرا امام مصلیٰ سے پیچھے ہٹ سکتا ہے،
لیکن اس حدیث سے یہ استدلال درست نہیں ہے کہ نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خیال میں مستغرق ہو جانا درست ہے،
امامت کے لیے آپ کو آگے کرنا اور چیز ہے اور آپ کا تصور وخیال نماز میں باندھنا الگ چیز ہے۔
5۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے حضرت علی کا نام اس لیے نہیں لیا،
کہ حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ والا آدمی بدلتا رہا ہے کبھی فضل بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سہارا دیا،
کبھی اسامہ بن زید نے اور کبھی حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے،
یہ کہنا درست نہیں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام لینا نہیں چاہتی تھی یا ان کا ذکر خیر کرنے سے گریزاں تھیں،
پیچھے یہ بات گزر چکی ہے کہ ایک سائل کو مسئلہ پوچھنے کے لیے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس علی کا نام لے کر بھیجا تھا کہ وہ یہ مسئلہ بہتر بتا سکتے ہیں،
مسئلہ بتانے کی اہلیت رکھنا خیر نہیں ہے؟6۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے باری کے مطابق ہر بیوی کے پاس رہنا لازم نہیں تھا اس کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باری کا خیال رکھا اور اس کی پابندی کی حتیٰ کہ بیماری کی حالت میں بھی ایک جگہ رہنے کے لیے ان سے اجازت چاہی۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 938