🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: قِدَاح: قِدح کی جمع ہے، اہل عرب شکار یا جنگ میں استعمال کے لیے جو...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
قِدَاح:
قِدح کی جمع ہے،
اہل عرب شکار یا جنگ میں استعمال کے لیے جو تیز لکڑی سے تراشتے تھے ان کو بالکل سیدھا اور برابر رکھنے کا بڑا اہتمام اور کوشش کرتے تھے،
اس لیے کسی چیز کی برابری اور سیدھے پن کی تعریف میں مبالغہ کے لیے کہتے ہیں،
وہ چیز ایسی برابر اور اس قدر سیدھی ہے کہ وہ تیروں کے سیدھا کرنے کے لیے معیار اور پیمانہ کا کام دے سکتی ہے۔
فوائد ومسائل:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صفوں کو اس قدر سیدھا اور برابر فرماتے تھے کہ کوئی آدمی بالکل آگے یا پیچھے نہ ہوتا۔
طویل مدت کی مسلسل کوشش اور تربیت کے بعد جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اطمینان ہو گیا کہ اب لوگوں کو صفوں کے سیدھا کرنے کی اہمیت اور طریقہ سمجھ آ گیا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس اہتمام کو ترک کر دیا لیکن اس کے بعد ایک دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس معاملہ میں ایک آدمی کی کوتاہی دیکھی تو بڑے جلال کے انداز میں فرمایا:
”اللہ کے بندو! میں تم کو آگاہ کرتا ہوں،
اگر تم صفوں کو برابر اور سیدھا کرنے میں بے پروائی اور کوتاہی روا رکھو گے تو اللہ تعالیٰ اس کی سزا میں تمہارے چہرے مسخ کر دے گا۔
اور تمہاری صورتیں بدل جائیں گی یا تمہاری وحدت اور اجتماعیت پارہ پارہ کر دی جائے گی اور تم میں پھوٹ اور اختلاف پیدا ہو جائے گا جو امتوں اور قوموں کے لیے اس دنیا میں سو عذابوں کا ایک عذاب ہے۔
“ صفوں کو برابر اور سیدھا کرنے میں کوتاہی اور غفلت اس وقت عام ہو چکی ہے اور سزا کے طور پر امت میں انتشار واختلاف اور پھوٹ بھی عروج پر ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 979