🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: یہ دعا دنیا وآخرت کے آفات ومصائب سے حفاظت کے لیے بڑی جامع ہے۔ سب...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
یہ دعا دنیا وآخرت کے آفات ومصائب سے حفاظت کے لیے بڑی جامع ہے۔
سب سے پہلے جہنم کے عذاب سے پناہ مانگی ہے۔
جو شدید ترین اور ناقابل تصور عذاب ہے اور انسان کی سب سے بڑی شقاوت اور بدبختی ہے۔
پھر قبر کے عذاب سے پناہ مانگی ہے جو درحقیقت عذاب جہنم کا ہی ایک رخ یا پیش خیمہ ہے۔
جو عذاب قبر سے محفوظ رہا وہ دوزخ کے عذاب سے محفوظ رہے گا کیونکہ قبر،
آخرت کی منزلوں میں سے سب سے پہلی منزل ہے۔
اگر بندہ اس سے نجات پا گیا تو آگے کی منزلیں آسان ہیں اور اگر انسان قبر کی منزل سے نجات نہ پا سکا تو اس کے بعد کی منزلیں تو بہت زیادہ سخت اور کٹھن ہیں۔
اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی اور موت کے فتنوں سے پناہ مانگی ہے۔
زندگی میں انسان اپنے اہل واولاد عزیز واقارب دوست واحباب کی محبت اپنی نفسانی خواہشات دنیوی اغراض ومقاصد نادانی وجہالت کی بنا پر اللہ تعالیٰ کے احکام وہدایات کو نظر انداز کرتا ہے۔
یا گناہ کا ارتکاب کر بیٹھتا ہے اور موت کا فتنہ یہ ہے کہ انسان مرتے وقت ایمان پر قائم نہ رہے یا مرتے وقت غلط وصیت کر جائےموت کی سختی سے جزع وفزع کرے اور زبان سے غلط الفاظ نکال بیٹھے،
آخر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کے شر سے پناہ مانگی،
کیونکہ یہ دنیا میں برپا ہونےوالے فتنوں میں سے سب سے بڑا اور مشکل فتنہ ہو گا۔
جس میں ایمان کا سلامت رکھنا بڑا کٹھن ہو گا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 1324