🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: 1۔ اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
1۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ معمول تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سلام پھیرنے کے بعد مُتَّصِلاً (اَللہُ اَکْبَر کہنے کے بعد)
تین دفعہ اَسْتَغْفِرُا للہَ کہتے تھے۔
کیونکہ یہ عبدیت اور بندگی کی انتہا ہے کہ نماز جیسی عبادت کے بعد بھی اپنے آپ کو قصور وار اور حق عبادت کی ادائیگی سے کوتاہ اور عاجز سمجھتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے معافی اور بخشش مانگی جائے اور حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا کا اعتراف کیا جائے۔
2۔
حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس مختصر دعا جو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کی ہے آج کل عام طور پر کچھ کلمات:
(وَإِلَيْكَ يَرْجِعُ السَّلاَمْ فَحَيِّنَا رَبَّنَا بِالسَّلاَمِ وَأَدْخِلْنَا دَارَكَ دَارَ السَّلامِ)
کا اپنے طور پر اضافہ کر لیا جاتا ہے۔
علامہ سعیدی لکھتے ہیں:
”حدیث شریف میں دعا اور ذکر کے جو الفاظ وارد ہوں،
ان میں اپنی طرف سے کمی بیشی یا تغیر وتبدل کرنا صحیح نہیں ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایک دعا سکھائی،
جس میں یہ الفاظ تھے۔
(وَنَبِيِّكَ الَّذي أرْسَلتَ)
حضرت براء رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب یہ کلمات دہرا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنائے تو یوں پڑھا:
(وَبِرَسُوْلِكَ الَّذِيْ أَرْسَلْتَ)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا:
لا،
نہیں۔
(وَنَبِيِّكَ الَّذِيْ أرْسَلتَ)
وہی الفاظ پڑھو جو میں نے سکھائے ہیں۔
(ج: 2 ص: 192)
آگے حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ عینی رحمۃ اللہ علیہ کی عبارت نقل کی ہے جس کا معنی یہ ہے:
”الفاظِ ذکر“ لفظ کے تعین اور ثواب کی مقدار میں توفیقی ہوتے ہیں،
(ان میں منقول کی پابندی کی جاتی ہے)
کیونکہ بسا اوقات ایک لفظ میں ایسا راز ہوتا ہے جو اس کے ہم معنی دوسرے لفظ میں نہیں ہوتا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 1334