🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «كَان فُلان» بعض نے کہا ہے کہ اس سے مراد امیر مدینہ عمرو بن سلمہ ہیں۔...
لغوی تشریح:
«كَان فُلان» بعض نے کہا ہے کہ اس سے مراد امیر مدینہ عمرو بن سلمہ ہیں۔ اور بعض نے کہا ہے کہ اس سے عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ مراد ہیں مگر یہ صحیح نہیں، اس لئے کہ عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ کی تو ولادت ہی سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد ہوئی ہے۔
«يُخَفَّفُ العصر» سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ تخفیف ظہر کے اعتبار سے عصر کی سب رکعتوں میں ہے۔
«بِقِصَارِ الْمُفَصَّلِ» «قِصَار» میں ”قاف“ کے نیچے کسرہ ہے۔ «قصيرة» کی جمع ہے۔ اور مفصل: جس کے درمیان میں فواصل آیات زیادہ ہوں۔ یاد رہے کہ قرآن کا آخری حصہ جن چھوٹی چھوٹی سورتوں پر مشتمل ہے اس کا نام مفصل ہے کیونکہ اس حصے کی سورتیں چھوٹی ہیں اور ہر سورت کی نوعیت ایسی ہے کہ جیسے الگ اور مستقل گفتگو ہو۔ اس میں اختلاف ہے کہ مفصل حصہ کہاں سے شروع ہوتا ہے۔ مشہور تو یہی ہے کہ اس کا آغاز سورۃ الحجرات سے ہوتا ہے۔ اور یہ بھی رائے ہے کہ دوسری کسی سورت سے اس کی ابتدا ہوتی ہے اور اس کی انتہا آخر قرآن تک ہے۔ پھر مفصل کی تین اقسام ہیں: طوال مفصل، اوساط مفصل اور قصار مفصل۔ چنانچہ مشہور قول کے مطابق طوال مفصل، سورہ حجرات سے شروع ہوکر سورہ بروج تک اور اوساط مفصل، سورہ بروج سے شروع ہوکر سورہ بینہ تک اور سورہ بینہ سے لے کر قرآن پاک کے اختتام تک قصار مفصل ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ سورہ حجرات سے لے کر اختتام قرآن مجید تک تمام سورتیں مفصلات کہلاتی ہیں۔
➋ مفصلات کی تین اقسام ہیں جیسا کہ اوپر ذکر ہوا۔
➌ صبح کی نماز میں طوال مفصل، نماز عشاء میں اوساط مفصل اور مغرب کی نماز میں قصار مفصل سورتوں کا مسنون ہے۔

راویٔ حدیث: (سلیمان بن یسار رحمہ اللہ) ان کی کنیت ابوایوب ہے۔ «يَسَار» کی ”یا“ پر فتحہ ہے۔ کبار تابعین میں سے ہیں۔ فقہائے سبعہ میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ بڑے عابد اور فقیہ تھے۔ بہت بڑے مرتبے کے عالم تھے۔ بہت سی احادیث ان سے مروی ہیں۔ سیدہ ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کے آزاد کردہ غلام تھے۔ 107 ہجری میں 73 سال کی عمر میں وفات پائی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 226