🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: 1۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چار قسم کے سفر فرمائے ہیں۔ 1۔...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
1۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چار قسم کے سفر فرمائے ہیں۔
1۔
عام طور پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفر جہاد کی خاطرکیا ہے۔
2۔
سفر ہجرت۔
3۔
سفر عمرہ۔
4۔
سفرحج اور یہ چاروں سفر طویل تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی سفر بھی ایسا نہیں ہے جو صرف نو یا دس میل تک کا ہو۔
2۔
اما مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک مسافت قصرایک دن کی مسافت ہے جو عام طور پر چوبیس میل بنتے ہیں۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک مسافت قصر دو دن کی مسافت ہے۔
جیسے امام نووی اور امام ابن قدامہ نےچار برد (یعنی اڑتالیس میل)
قرار دیا ہے کیونکہ ایک برید میں چار فرسخ ہوتے ہیں اور ایک فرسخ میں تین میل ہوتے ہیں۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک مسافت قصر تین دن کی مسافت ہے۔
لیکن احناف عام طور پر میلوں میں اس کو اڑتالیس میل قرار دیتے ہیں۔
اس طرح ان تینوں اماموں کے نزدیک اگر اڑتالیس میل تک سفر کرنا ہو تو پھر انسان قصر کر سکتا ہے لیکن یہ تحدید اور تعین کسی صحیح اور مرفوع حدیث سے ثابت نہیں ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مطلق سفر میں بلا تحدید و تعین قصر ثابت ہے،
اس لیے عرف عام میں جتنی مسافت کو سفر سمجھا جاتا ہے اس میں انسان نماز قصر کر سکتا ہے مسافت کے تعین کی ضرورت نہیں ہے،
انسان جب اپنے آپ کو مسافر سمجھے اور اس کا ضمیر مطمئن ہو کہ واقعی مسافر ہوں تو وہ قصر نماز پڑھے۔
3۔
انسان جب گھر سے سفر پر روانہ ہو جائے اور آبادی سے نکل جائے تو نماز کا وقت ہو جانے پر وہ قصر نماز پڑھے گا۔
حجۃ الوداع کے موقع پر جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری سفر ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ظہر کی نماز مدینہ میں پوری پڑھی اورعصر کی نماز ذوالحلیفہ میں قصر کی صورت میں ادا کی اورذوالحلیفہ مدینہ منورہ سے تقریباً چھ میل کے فاصلہ پر ہے۔
بعض حضرات نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جواب سے قصر کی مسافت تین فرسخ یعنی نو میل قرار دی ہے۔
حالانکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی سفر بھی اتنی کم مسافت کا ثابت نہیں ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 1583