🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: (1) كُرَاعِ: گھوڑا۔ (2) عَليٰ رِجْعَتِهَا: را پر زبر اور زیر دونوں آ سکتے ہیں۔...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
كُرَاعِ:
گھوڑا۔
(2)
عَليٰ رِجْعَتِهَا:
را پر زبر اور زیر دونوں آ سکتے ہیں۔
طلاق سے رجوع پر گواہ بنا لیے۔
(3)
بِرَدِّهَا عَلَيْكَ:
تیرے سوال کا جو جواب دیں مجھے بتانا۔
(4)
فَاسْتَلْحَقْتُهُ اِلَيْهَا:
میں نے اس سے،
ان کے پاس جانے کے لیے ساتھ چلنے کا مطالبہ کیا۔
(5)
مَا اَنَا بِقَارِبِهَا:
میں ان کے پاس جانا نہیں چاہتا۔
(6)
اَلشِّيْعَتَيْنِ:
شیعہ گروہ اور جماعت کو کہتے ہیں،
دو گروہوں سے مراد حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قصاص کا مطالبہ کرنے والے اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حمایتی ہیں،
یعنی آپ کسی کا ساتھ نہ دیں۔
(7)
فَاَبَتْ فِيْهِمَا اِلَّامُضِيّاً:
انہوں نے ان کے معاملہ میں مداخلت نہ کرنے سے انکار کر لیا،
یعنی قصاص کا مطالبہ کرنے والوں کی حمایت کی۔
فوائد ومسائل:
1۔
اگر کوئی کسی معاملے میں مشورہ لے تو اسےمشورہ صحیح صحیح شریعت کے مطابق دینا چاہیے اور بیوی وبچوں سے الگ تھلک ہو جانا اور جائیداد کو بیچ کر زندگی جہاد کے لیے وقف کر دینا درست نہیں ہے۔
زندگی کے ہر مسئلے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو نمونہ بنایا جائے گا۔
اورہر کام میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طرز عمل ہی مشعل راہ ہوگا۔
2۔
اگر کسی عالم سے کوئی مشورہ پوچھا جائے اور وہاں اس سے بہتر بتانے والا موجود ہو تو اس کی طرف راہنمائی کرنی چاہیے اور اس کے جواب سے آ گاہی حاصل کرنے کی کوشش کرنا بہتر ہو گا۔
3۔
مسئلہ پوچھنے کے لیے عالم کے آشنا اور واقف کار کو ساتھ لے جانا بہتر ہے۔
4۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت وکردار اور ہر عمل قرآن کے مطابق تھا گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن کریم کی عملی تفسیر تھے۔
5۔
جب تک پانچ نمازیں فرض نہیں ہوئی تھیں تہجد سب کے لیے فرض تھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ پر ایک سال تک رات کا قیام فرض رہا پھر سورہ مزمل کی آخری آیت:
﴿إِنَّ رَبَّكَ يَعْلَمُ.......الآية﴾ سے اس كی فرضیت منسوخ ہو گئی ااوراکثر علمائے امت کے نزدیک تہجد کی نماز آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی فرض نہیں رہی تھی لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ساری عمر اس کی پابندی فرمائی ہے۔
6۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم آخری عمر میں نو رکعات پڑھتے تھے جن میں صرف آٹھویں رکعات پر بیٹھتے اور اس میں تشہد،
ذکرواذکار اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا اور دعا فرماتے اور پھر اٹھ کر نویں رکعت پڑھتے اور اس پر سلام پھیرتے اور قِیَامُ اللَّیْل کو ہی وتر کہا جاتا ہے۔
اس لیے وتر پڑھنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے۔
7۔
آخری عمر میں جب آ پ صلی اللہ علیہ وسلم عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ بھاری بھرکم بھی ہو گئے تو صرف سات رکعات پڑھنے لگے اور بعد میں دو رکعت بیٹھ کر پڑھ لیتے تھے۔
8۔
نیند یا بیماری کے غلبہ کی وجہ سے اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تہجد کی نماز رہ جاتی تو چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کاعمومی عمل رات میں گیارہ رکعات پڑھنے کا تھا۔
اس لیے اس کی جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دن کو بارہ رکعات پڑھ لیتے۔
9۔
رات کےقیام کو ہی وتر بھی کہتے ہیں،
یہ پہلے فرض تھا پھر اس کی فرضیت ختم ہو گئی۔
اب وتر فرض نہیں ہے بلکہ سنت مؤکدہ ہے بعض لوگ اسے فرض قرار دیتے ہیں بعض فرض سے نیچے واجب کا ایک درجہ اپنے پاس سے بنا کر واجب قرار دیتے ہیں،
ان لوگوں کی بات درست نہیں۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 1739