🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: (1) لغوی طور پر کسف، انکسف اور خسف احادیث کی رو سے ہم معنی ہیں...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
(1)
لغوی طور پر کسف،
انکسف اور خسف احادیث کی رو سے ہم معنی ہیں اور شمس و قمر دونوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں اگرچہ بعض نے (فقہاء نے)
شمس کے لیے کسوف اور قمر کے لیے خسوف کا لفظ استعمال کیا ہے کیونکہ کسوف کا معنی سیاہی مائل ہونا ہے اور خسوف کا کم ہونا گھٹنا،
ان کی روشنی مکمل طور پر بھی ختم ہو سکتی ہے جزوی طور پر بھی۔
(2)
اہل ہئیت کے نزدیک عام طور پر سورج کو گہن 28،
29 قمری تاریخ کو لگتا ہے اور چاند کو 13،
14 قمری تاریخ کو اور اصولی طورپر ہر چھ ماہ بعد سورج کو گرہن لگنا ممکن ہے اور قاضی محمد سلیمان منصور پوری نے اپنے چھوٹے بھائی وکیل صاحب یعنی قاضی عبدالرحمٰن کے حوالہ سے جو علم ہئیت کے بہت بڑے ماہر تھے۔
یہ لکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تئیس سالہ دور نبوت میں 19 دفعہ کسوف شمس ہوا ہے اور بقول بعض خسوف قمر صرف دو دفعہ اور بقول امام ابن حبان رحمۃ اللہ علیہ آپ نے 5 ہجری میں نماز خسوف قمر پڑھی ہے اور سورج گرہن پہلی دفعہ 9 اپریل 609ء بمطابق 28 ربیع الآخر 40 میلادنبوی میں اور آخری 27 جنوری 632ء بمطابق 29 شوال 10 ہجری بروزسوموار اور ہندوستان میں اس وقت 28 شوال تھا۔
اور یہ وہ دن ہے جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لخت جگر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی وفات ہوئی ہے اور بقول بعض اس وقت دن کے ساڑھے آٹھ بجے تھے۔
اس طرح ہجرت کے بعد سورج کو گرہن دس دفعہ لگا لیکن گرہن لگنے سے اس کا ہر جگہ نظر آنا ضروری نہیں ہے،
اس لیے نماز خسوف میں اختلاف ہے،
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ،
شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک صلاۃ الکسوف دو رکعتیں طویل قیام طویل رکوع اور طویل سجود کے ساتھ ہیں اور ہر رکعت میں دو رکوع اور سجدے ہیں۔
(3)
اور پہلے رکوع سے اٹھ کر فاتحہ پڑھ کر قرآءت شروع کی جائے گی اور احناف کے نزدیک صلاۃ الکسوف بھی عام نوافل کی طرح ہیں یعنی ایک رکعت میں ایک ہی رکوع ہے لیکن صحیح مسلم کی روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک رکعت میں بعض دفعہ دو بعض دفعہ تین اور بعض دفعہ چار رکوع کیے اور سنن ابی داؤد رحمۃ اللہ علیہ میں پانچ رکوع بھی آئے ہیں اس لیے امام اسحق رحمۃ اللہ علیہ،
ابن جریر رحمۃ اللہ علیہ اور ابن المنذر رحمۃ اللہ علیہ وغیرہم کے نزدیک تمام صورتیں جائز ہیں اور بقول امام نووی رحمۃ اللہ علیہ دلیل کی رو سے یہی مذہب قوی ہے اگر صلاۃ کسوف میں تکرار ثابت ہو جائے،
جیسا کہ کسوف کی کثرت کا اور حدیثوں کے اختلاف کا تقاضا ہے تو اس صورت میں تمام صورتوں کے جواز میں کوئی کلام نہیں ہے۔
لیکن اگر نماز میں تکرار ثابت نہ ہو جیسا کہ آئمہ اربعہ کا موقف تو پھر احادیث کو ایک دوسرے پر ترجیح دئیے بغیر چارہ نہیں ہے،
جیسا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ ایک رکعت میں صرف دو رکوع والی روایات ہی مختلف صحابہ سے لائے ہیں لیکن اس صورت میں بلا وجہ صحیح احادیث کو راجح اور مرجوح قرار دینا پڑے گا۔
(4)
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ،
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک صلاۃ الکسوف سنت مؤکدہ ہے اور احناف کے مختلف اقوال ہیں۔
واجب،
سنت مؤکدہ،
سنت غیرہ مؤکدہ اورامام ابو عوانہ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک واجب ہے اور یہی دلیل کا تقاضا ہے۔
(5)
شوافع کے نزدیک صلاۃ الکسوف کے لیے کوئی وقت متعین نہیں ہے۔
کیونکہ سورج کے گرہن لگنے کا کوئی متعین وقت نہیں ہے اس لیے جب سورج گہنائےگا اس وقت نماز پڑھی جائے گی اور یہی صحیح موقف ہے احناف اور حنابلہ کے نزدیک اوقات کراہت میں نماز نہیں پڑھی جائے گی۔
اور مالکیہ کے نزدیک اس کا وقت چاشت سے لے کر سورج ڈھلنے تک ہے۔
(6)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ میں سورج کو آخری گہن اس وقت لگا جس دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے شیر خوار صاحبزادے ابراہیم علیہ السلام تقریباً ڈیڑھ سال کی عمر کے تھے اور عربوں میں زمانہ جاہلیت کے توہمات میں سے ایک وہم و خیال یہ بھی تھا کہ بڑے لوگوں کی موت و حیات پر سورج کو گہن لگتا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صاحبزادے کی وفات کے دن سورج کے گہن میں آ جانے سے اس توہم پرستی اور غلط عقیدہ کو تقویت پہنچ سکتی تھی اور بعض لوگوں نے اس کا اظہار بھی کیا اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقعہ پر غیر معمولی خشیت اور انتہائی فکر مندی کا اظہار کیا۔
لوگوں کو خصوصی طورپر صلاۃ کسوف کے لیے مسجد میں الصلاۃ جامعۃ کے الفاظ کے ذریعہ جمع کیا اور نماز میں آپ نے قیام رکوع اور سجدے بھی بہت طویل کیے۔
اثنائے نماز میں دعا بھی بہت اہتمام اور ابہتال کے ساتھ کی نماز کے بعد خطبہ دیا اور اس میں خصوصی طور پر اس خیال کی پرزور تردید کی کہ سورج یا چاند کو گہن کسی بڑے آدمی کی حیات یا موت کی وجہ لگتا ہے یہ تو دراصل اللہ تعالیٰ کی وحدانیت،
قدرت اور صنعت اس کی سطوت وہیبت اور اس کے جلال و جبروت کی نشانی ہے جس کا مقصد لوگوں کو ان کے گناہوں اور جرائم سے باز رکھنا ہے کہ اس ذات کی پکڑ سے بچو جو سورج اور چاند کو بھی بے نور کر سکتا ہے۔
جن کی روشنی سے دنیوی زندگی کا کاروبار چل رہا ہے۔
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ میں توبہ و استغفار اور صدقہ و خیرات کرنے کی تلقین فرماتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(يُخَوِّفُ اللَّهُ بِهَا عِبَادَهُ)
”اس کے ذریعہ اپنے بندوں کو ڈرتا ہے“
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 2089