🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: لبيك اور سعديك: تکرار اور کثرت کے لیے استعمال ہوتے ہیں، مقصد یہ ہے کہ...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
لبيك اور سعديك:
تکرار اور کثرت کے لیے استعمال ہوتے ہیں،
مقصد یہ ہے کہ تیری اطاعت وعبادت کے لیے ہر وقت تیار اور حاضر ہوں۔
فوائد ومسائل:
1۔
شارحین حدیث کے قول کے مطابق اللہ تعالیٰ نے ا پنے خلیل ابراہیم علیہ السلام کے ذریعہ اپنے بندوں کو حج کے لیے بلاوا دلوایا تھا تو حج کےلیے جانے والا بندہ جب احرام باندھ کر یہ تلبیہ پڑھتا ہے تو گویا وہ ابراہیم علیہ السلام کی پکار اوراللہ تعالیٰ کے بلاوے کے جواب میں عرض کرتا ہے کہ ”اے اللہ! تو نے اپنے گھر کی حاضری کے لیے اپنے خلیل سے ندا دلوائی تھی تو میں حاضر ہوں حاضر ہوں اور اس حاضری کے لیے باربار تیار ہوں۔
“2۔
جمہور کے نزدیک تلبیہ کے انہیں الفاظ پر کفایت کرنا بہتر ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں،
اگرچہ ان پر دعائیہ اور تعظیم کے کلمات کا اضافہ جائز ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کچھ کلمات کا اضافہ کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پراعتراض نہیں کیا۔
لیکن خود ان کلمات پر اضافہ نہیں فرمایا۔
3۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک تلبیہ کرنا سنت وفضیلت ہے،
اس کے چھوڑ دینے سے کچھ لازم نہیں آتا۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اور امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک تلبیہ واجب ہے۔
اس کے ترک سے دم لازم آئےگا۔
بعض حضرات کے نزدیک تلبیہ واجب ہے لیکن اگر احرام کی نیت سے تکبیر وتہلیل اور تسبیح کہہ لے تو کفایت ہو جائے گی۔
امام ثوری رحمۃ اللہ علیہ۔
اہل ظاہر اور امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے ایک قول کی رو سے تلبیہ احرام کا رکن ہے۔
جس طرح تکبیر تحریمہ نماز کا رکن ہے،
اس کے بغیر احرام نہیں ہو گا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 2811