🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا قول ہے کہ’’رضاعت سے وہ رشتے حرام ہو...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا قول ہے کہ”رضاعت سے وہ رشتے حرام ہو جاتے ہیں،
جو نسب سے حرام ہوتے ہیں۔
“ لیکن مؤطا اما مالک میں ان کا طرز عمل یہ بیان کیا گیا ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی بہنوں اور بھتیجیوں نے جن بچیوں کو د ودھ پلایا تھا،
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ان کو تو اپنے پاس آنے کی اجازت دیتی تھیں لیکن ان کے بھائیوں کی بیویوں نے جن کو دودھ پلایا تھا وہ ان کے پاس نہیں آ سکتے تھے،
جس سے معلوم ہوتا ہے وہ رضاعت میں مرد کی تاثیر کی قائل نہ تھیں۔
اس کا جواب حافظ عبدالبرنے دیا ہے۔
اپنے محارم کو اپنے پاس آنے کی اجازت دینا ضروری نہیں ہے۔
عورت کو اختیار ہے اگر وہ کسی کو اجازت نہ دینا چاہے تو اجازت نہ دے۔
اورعلامہ باجی نے اس کے دو جواب دئیے ہیں: 1۔
یہ قول ان کی اپنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کردہ روایت کے منافی ہے (بلکہ اپنے بیان کردہ اصول کے بھی منافی ہے)
اس لیے یہ راوی کا وہم ہے۔
2۔
بہنوں اور بھتیجوں کی اولاد کو تو ہر صورت میں آنے کی اجازت دیتی تھیں۔
لیکن بھائیوں کی بیویوں کی صرف اس اولاد کو اجازت دیتی تھیں۔
جو ان کے بھائیوں کے نکاح میں آنے کے بعد کی ہے جن بچوں کو انہوں نے ان سے شادی سے پہلے دودھ پلایا تھا یا بڑی عمر کے ہونے کی صورت میں دودھ پلایا تھا ان کو اجازت نہیں دیتی تھیں،
حالانکہ وہ رضاعتِ کبیر کی قائل ہیں۔
اور حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ کا خیال ہے یہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا محض تورع اور احتیاط کے طور پر کرتی تھیں،
جیسا کہ حضرت سودہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابن زمعہ سے پردہ کا حکم دیا تھا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 3573