🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: مَغَافِيْر: مَغْفُوْر کی جمع ہے۔ یہ عرفط نامی بوٹی کا ایک قسم کا پھول ہے...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
مَغَافِيْر:
مَغْفُوْر کی جمع ہے۔
یہ عرفط نامی بوٹی کا ایک قسم کا پھول ہے جس سے بدبو پھوٹتی ہے۔
فوائد ومسائل:
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو چونکہ یہ بات معلوم تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ہاں شہد پیتے ہیں اور شہد کی مکھیاں علاقہ کی جڑی بوٹیوں سے رس چوس کر شہد تیار کرتی ہیں اور مدینہ کے علاقہ میں عرفط بوٹی تھی جس کے پھول سے بد بو پھوٹتی تھی اس لیے دونوں نے توریہ و تعریض سے کام لیتے ہوئے سوالیہ انداز میں پوچھا کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مغافیر کھایا ہے؟ تا کہ رس کی بد بو کی طرف اشارہ کیا جا سکے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم بو کو ناپسند فرماتے تھے،
اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم شہد پینے کے لیے حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ہاں زیادہ قیام نہیں کریں گے،
اور ان کا یہی مقصود تھا،
اور آیت میں راز کی بات کہی اس لیے فرمایا گیا ہے کہ بخاری شریف میں ہے:
(قَدْ حَلَفْتُ)
(میں نے قسم اٹھائی ہے)
(وَلَا تُخْبِرِيْ بِذٰلِكَ اَحَداً)
(تم کسی کو اس کی خبر نہ دینا)
اور ایک اور روایت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی باری کے دن حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے گھر میں حضرت ماریہ قبطیہ کو بلا لیا تھا کیونکہ حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت لے کر اپنے باپ کے گھر کچھ وقت کے لیے چلی گئی تھیں واپسی پر انھوں نے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل کیے ہوئے دیکھا تو اعتراض کیا،
تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ماریہ کو اپنے اوپر حرام قرار دے دیا اور فرمایا اس کی اطلاع کی دوسری بیوی کو نہ دینا لیکن حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے درمیانی دیوار پر ہاتھ مار کر حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو متوجہ کر کے انہیں بتا دیا۔
اور اور ان دونوں واقعات کے بعد سورہ تحریم کی ابتدائی آیات کا نزول ہوا،
اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے قول کی بنیاد یہی دوسرا واقعہ ہے۔
کیونکہ قرآن مجید میں اس کو قسم قرار دیا گیا ہے:
﷜ ﴿قَدْ فَرَضَ اللَّهُ لَكُمْ تَحِلَّةَ أَيْمَانِكُمْ﴾ (التحریم: 2) (اللہ تعالیٰ نے تم پر قسموں کو کھول ڈالنا لازم ٹھہرایا ہے)
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 3678