🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: بخاری شریف میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت ہے کہ بریرہ...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
بخاری شریف میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی روایت ہے کہ بریرہ کا خاوند جس کا نام مغیث تھا وہ اس کے پیچھے پیچھے روتا ہوا گردش کر رہا تھا اور اس کے آنسو اس کی داڑھی پر رواں تھے مجھے یہ منظر اب بھی یاد ہے،
تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا،
اے عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما! کیا تمھیں اس پر حیرت نہیں ہو رہی کہ مغیث کو بریرہ سے کس قدر پیار ہے اور بریرہ کو مغیث سے کس قدر نفرت ہے؟ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بریرہ کو اختیار دینے کا سبب اس کا غلام ہونا تھا،
اگر وہ آزاد ہوتا تو بیوی کو اختیار نہ ملتا آئمہ ثلاثہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ،
امام احمد رحمۃ اللہ علیہ اور جمہور علماء کا یہی موقف ہے لیکن امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نخعی اور شعبی رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ کے نزدیک لونڈی کو آزاد ہونے پر ہر حالت میں اختیار ملے گا خاوند آزاد ہو یا غلام اور اہل ظاہر کا موقف بھی یہی ہے اور اس اختلاف کا اصل سبب مغیث کا ذاد یا غلام ہونا ہے۔
آئمہ ثلاثہ اس کے بریرہ کی آزادی کے وقت غلام ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اگرچہ بعد میں وہ بھی آزاد ہو گیا تھا،
اور اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا جب کسی محتاج اور فقیر کو کوئی چیز صدقہ میں ملے تو وہ اس کا مالک بن کر جو چاہے اس میں تصرف کر سکتا ہے اور اب اگر وہ دوسرے کو تحفہ دیتا ہے یا بیچتا ہے تو وہ صدقہ نہیں رہے گا،
اور اس صورت میں اس کو ہاشمی اور مال دار بھی اگر وہ کھانے کی چیز ہے کھا سکے گا۔
حضرت بریرہ‬ رضی اللہ تعالی عنہا کے ان تینوں واقعات سے علماء نے چار سو مسائل کا استنباط کیا ہے اور بعض آئمہ نے اس حدیث پر مستقل کتابیں لکھی ہیں اور سنن دارقطنی میں ایک چوتھے فیصلہ کا ذکر ہےکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آزاد عورت والی عدت پوری کرنے کا حکم دیا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 3783