🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقیق الحدیث : اس روایت کی سند حسن (لذاتہ) ہے۔ اسے نسائی [الكبريٰ : 10497، عمل اليوم والليلة :...
تحقیق الحدیث:
اس روایت کی سند حسن (لذاتہ) ہے۔
اسے نسائی [الكبريٰ: 10497، عمل اليوم والليلة: 661] ابن السنی [627 دوسرا نسخه: 628] ابن ابی عاصم [السنة: 653 دوسرا نسخه: 665] اور ابن عبدالبر [التمهيد 7؍146 من حديث ابي داود] نے «محمد بن إسحاق بن يسار: حدثني عتبة بن مسلم مولىٰ بني تيم عن أبى سلمة بن عبدالرحمٰن عن أبى هريرة رضي الله عنه» کی سند سے الفاظ کے اختلاف کے ساتھ بیان کیا ہے۔ ابوداود نے اسے (4722 مختصر) روایت کیا ہے۔
◈ محمد بن اسحاق بن یسار اگر سماع کی تصریح کریں تو صدوق حسن الحدیث ہیں، خواہ احکام ہوں یا تاریخ ومغازی۔
راقم الحروف نے ان کے بارے میں ایک رسالہ لکھا ہے۔ نیز دیکھئے: [الحديث حضرو: 71 ص18۔ 43]
◈ عتبہ بن مسلم سے لے کر آخر تک سند بخاری و مسلم کی شرط پر صحیح ہے۔

فقہ الحدیث:
➊ شیطانی وسوسوں پر انسان کا کنٹرول نہیں ہے، اگر ایسے وسوسے اس کے دل میں آئیں تو اسے چاہئے کہ فوراً اللہ سے دعا کرے کہ وہ اسے شیطان مردود کے وسوسوں سے بچائے۔ اسے بائیں طرف تھتکارنا بھی چاہئے تاکہ اس شیطانی وسوسے کا اثر زائل ہو جائے۔
➋ فضول سوالات سے مکمل اجتناب کرنا چاہئیے۔
➌ سیدنا عمرو بن الاحوص رضی اللہ عنہ کی روایت میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجة الوداع کے موقع پر فرمایا:
”تمہارا خون، تمہارے مال اور عزتیں تم پر اس طرح حرام ہیں، جیسے آج (حج اکبر) کا دن اس شہر (مکہ) میں حرام ہے۔ خبردار! جو شخص بھی ظلم کرتا ہے تو وہ صرف اپنے آپ پر ہی ظلم کرتا ہے اور کوئی بیٹا اپنے باپ کے بدلے یا باپ اپنے بیٹے کے بدلے میں پکڑا نہ جائے گا۔ خبردار! شیطان مایوس ہو گیا ہے، کیونکہ اس شہر میں اس کی عبادت کبھی نہیں کی جائے گی، لیکن اس کی پیروی کرنے والے لوگ ہوں گے جو ان اعمال میں اس کی پیروی کریں گے جنہیں تم حقیر سمجھتے ہو۔ پس وہ شیطان ان حقیر اعمال (چھوٹے گناہوں) پر بھی خوش ہو گا۔“ [مشكوٰة المصابيح: 2670، ابن ماجه: 3055 والترمذي: 2159 وصححه وسنده حسن]
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 75