🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: (1) جَلَبه يا لَجَبه: شور، آوازوں کا ٹکراؤ۔ (2) خَصم: مفرد اور جمع دونوں کے...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
جَلَبه يا لَجَبه:
شور،
آوازوں کا ٹکراؤ۔
(2)
خَصم:
مفرد اور جمع دونوں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہاں جمع کے معنی میں ہے،
جھگڑا کرنے والے۔
فوائد ومسائل:
إِنَّمَا أَنَا بَشَر:
میں بھی انسان ہوں اور ایک انسان غیب کا علم نہیں رکھتا اور اشیاء کے باطن سے آگاہ نہیں ہوتا،
اس لیے میں ایک قاضی اور حکم کی حیثیت سے عام انسانوں کی طرح ظاہر کے مطابق فیصلہ کرتا ہوں،
تاکہ بعد میں آنے والے قاضی اور حاکم کے لیے،
میرا یہ فیصلہ نمونہ اور اسوہ بنے کہ وہ اصول شریعت کے مطابق بینہ (شہادت)
یا قسم کے مطابق فیصلہ کرنے کا پابند ہے،
شہادت اور قسم کی اصل حقیقت کہ وہ سچی ہے یا جھوٹی تک پہنچنے کا پابند نہیں ہے،
جیسا وہ گواہوں یا قسم کو صحیح سمجھتا ہے،
اگرچہ وہ فی الواقع جھوٹی ہے تو وہ اس کے مطابق فیصلہ کر دے گا،
اب یہ مدعی اور مدعی علیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلط طریقہ نہ اپنائیں،
اگر وہ غلط رویہ اختیار کریں گے تو وہ مجرم ہوں گے،
قاضی بری الذمہ ہو گا،
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جھوٹی شہادت اور چرب زبانی سے کام لینے والے کو مخاطب کیا ہے کہ وہ قاضی کے فیصلہ کو جبکہ مدعی اصل حقیقت سے آگاہ ہے،
اس لیے جواز کا باعث نہ سمجھ لے،
وگرنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو رسول تھے،
اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اصل حقیقت سے آگاہ کر سکتا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم فیصلہ اصل حقیقت اور واقعہ کے مطابق کر سکتے تھے۔
فَأَحسبُ أَنَّهُ صَادِقٌ:
یعنی میں چرب لسانی کرنے والے یا اپنی بات اور اپنا مقدمہ مؤثر انداز سے پیش کرنے والے کو سچا سمجھ لوں،
اس طرح اس کا تعلق فیصلہ یا مقدمہ سے ہے،
باقی رہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے امت کے لیے احکام و فرامین جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اجتہاد سے دئیے،
اس سے اس کا تعلق نہیں ہے،
کیونکہ وہاں تو اگر جمہور کے مطابق غلطی کے امکان کو تسلیم کر لیا جائے تو پھر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی فورا اللہ کی طرف سے تصحیح کر دی جاتی تھی اور مقدمہ میں ظاہر کے مطابق فیصلہ کرنا خطا یا غلطی نہیں ہے،
بلکہ قاضی اور حاکم اس کا پابند ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسوہ ہونے کی حیثیت سے اس اصول کے پابند تھے،
اس لیے اللہ کی طرف سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو حقیقت حال سے آگاہ نہیں کیا جانا تھا،
وگرنہ حاکموں کے لیے فیصلہ کرنا ممکن نہ ہوتا۔
فَلْيَحْمِلْهَا أَوْ يذَرَهَا:
اس کو اٹھا لے یا چھوڑ دے،
اختیار کے لیے نہیں ہے،
بلکہ تہدید اور دھمکی کے لیے ہے،
جیسا کہ فرمایا:
﴿فَمَن شَاءَ فَلْيُؤْمِن وَمَن شَاءَ فَلْيَكْفُرْ﴾ جو چاہے ایمان لائے اور جو چاہے کفر اختیار کرے اور فرمایا:
﴿اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ﴾ جو چاہو عمل کرو،
مقصد یہ ہے حاضر تو ہمارے سامنے ہی ہونا ہے تو ہم محاسبہ اور باز پرس کر لیں گے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 4475