🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: بنو قریظہ نے جب عہد شکنی کرتے ہوئے، مشرکین کا ساتھ دیا تو جنگ احزاب...
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
بنو قریظہ نے جب عہد شکنی کرتے ہوئے،
مشرکین کا ساتھ دیا تو جنگ احزاب کے خاتمہ کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبریل علیہ السلام کے کہنے پر بنو قریظہ کا محاصرہ کر لیا،
اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا اور وہ حوصلہ ہار بیٹھے،
حالانکہ ان کے پاس خوردونوش کا وافر سامان موجود تھا،
پانی کے چشمے اور کنویں تھے،
مضبوط اور محفوظ قلعے تھے،
جبکہ مسلمان میدان میں انتہائی سخت سردی میں،
بھوک کی سختیاں سہہ رہے تھے اور جنگ خندق کی مسلسل جنگی مصروفیات کی بنا پر تھکان سے چور چور تھے،
بنو قریظہ نے اپنے آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالہ کر دیا کہ آپ جو مناسب سمجھیں،
وہ فیصلہ فرمائیں،
قبیلہ اوس کے لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ آپ نے بنو قینقاع کے ساتھ جو سلوک فرمایا تھا،
وہ آپ کو یاد ہے،
بنو قینقاع،
ہمارے خزرجی بھائیوں کے حلیف تھے اور یہ لوگ ہمارے حلیف ہیں،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”کیا آپ لوگ اس پر راضی ہیں کہ ان کے متعلق آپ ہی کا ایک فرد فیصلہ کرے؟“ انہوں نے کہا،
کیوں نہیں،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”تو یہ معاملہ سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ کے سپرد ہے“،
اوس کے لوگوں نے کہا،
ہم اس پر راضی ہیں،
اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سعد کو بھلا بھیجا،
کیونکہ وہ جنگ خندق کے دوران بازو کی رگ کٹنے کی وجہ سے لشکر کے ساتھ نہیں آئے تھے،
جب وہ گدھے پر سوار ہو کر آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کو ان کے استقبال کا حکم دیا تو ان کے قبیلے کے لوگوں نے انہیں دونوں جانب سے گھیر لیا اور کہنے لگے،
سعد اپنے حلیفوں کے بارے میں احسان اور بھلائی سے کام لیجئے گا،
اس کے بعد حضرت سعد رضی اللہ عنہ نے ان کے بارے میں وہ عادلانہ اور منصفانہ فیصلہ دیا،
جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”تم نے ان کے بارے میں وہ فیصلہ دیا ہے،
جو بادشاہ حقیقی اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہے۔
“ مجلس میں آنے والے کی تعظیم کے لیے کھڑے ہونے کا مسئلہ اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے،
اہل خیر اور اہل فضل کی تعظیم و اکرام کے لیے آگے بڑھ کر استقبال کرنا جائز ہے،
علامہ طیبی اس کا معنی کرتے ہیں،
قُومُوا وَامشُوا إِلَيْهِ تلقيا و إِكْرَامًا،
کھڑے ہو اور ان کے اکرام اور ملاقات کے لیے ان کی طرف جاؤ،
اس لیے اس حدیث سے یہ استدلال کرنا درست نہیں ہے کہ آنے والے کے لیے اپنی جگہ پر کھڑے ہو کر تعظیم و اکرام کرنا جائز ہے،
جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صراحۃ یہ حکم دیا ہے کہ لَا تَقُومُوا كَمَا تَقُومُ الأَعَاجِمُ عَلي مُلُوكِهِم،
جس طرح عجمی اپنے بادشاہوں کے لیے کھڑے ہوتے ہیں،
ان کی طرح تم نہ کھڑے ہوں اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی آمد پر جب حضرت عبداللہ بن زبیر اور ابن صفوان رضی اللہ عنہما کھڑے ہوئے تو انہوں نے انہیں بیٹھنے کے لیے کہا اور فرمایا:
”میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے جو انسان اس سے خوش ہو کر کہ لوگ اس کے سامنے سیدھے کھڑے ہوں وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے“،
فتح الباری،
ج 11،
کتاب الاستئذان اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پر صحابہ کرام کھڑے نہیں ہوتے تھے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ انداز پسند نہ تھا۔
(ترمذی)
تفصیل کے لیے دیکھیے:
(تکملہ فتح الملھم ج 3 ص 126-127 فتح الباری ج 11،
استیذان الفتح)
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 4596