🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

شیخ الحدیث مولانا عبد العزیز علوی حفظ اللہ
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: (1) فِي الْمُدَّةِ الَّتِي كَانَتْ بَيْنِي وَبَيْنَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اس سے...
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
فِي الْمُدَّةِ الَّتِي كَانَتْ بَيْنِي وَبَيْنَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
اس سے مراد وہ عرصہ ہے،
جس میں قریش مکہ نے حدیبیہ کے مقام پر 6ھ میں دس سال تک لڑائی نہ کرنے کی صلح کی تھی۔
(2)
هِرَقل:
مشہور قول کے مطابق،
ھاء پر زیر ہے اور را پر زبر،
قاف ساکن ہے،
اگرچہ ایک قول کے مطابق را ساکن ہے اور قاف پر زیر ہے،
یعنی هرقل اور یہ روم کے بادشاہ کا نام ہے۔
(3)
ترجمان:
امام نووی کے نزدیک تاء پر زبر اور جیم پر پیش پڑھنا بہتر ہے،
اگرچہ دونوں پر زیر اور دونوں پر پیش پڑھنا بھی درست ہے،
ترجمہ کرنے والا،
مترجم،
”ایک زبان کو دوسری زبان میں منتقل کرنے والا۔
“ (4)
لَوْلَا مَخَافَةُ أَنْ يُؤْثَرَ عَلَيَّ الْكَذِبُ:
اگر اندیشہ نہ ہوتا کہ میری طرف سے جھوٹ نقل کیا جائے گا،
جس سے معلوم ہوتا ہے،
اسے یہ اندیشہ نہیں تھا کہ وہ اسے وہاں جھوٹا قرار دیں،
لیکن وہ یہ سمجھتا تھا کہ میں جو یہاں جھوٹی بات کہوں گا مکہ جا کر وہ اسے نقل کریں گے تو لوگ مجھے جھوٹا قرار دیں گے،
اس طرح وہ جھوٹ بولنا اپنے مقام و مرتبہ کے مناسب نہیں سمجھتا تھا،
جب اب صورت حال یہ ہے کہ مسلمان لیڈروں کا اوڑھنا بچھونا ہی جھوٹ ہے اور اس کے بغیر ان کا کام ہی نہیں چل سکتا۔
(5)
أشراف:
شريف کی جمع ہے،
مراد عمومی اور غالب صورت ہے،
کہ عام طور پر اہل نخوت اور چوہدری لوگ ابتداً انبیاء کی مخالفت کرتے ہیں،
اگرچہ کچھ ان کا ساتھ بھی دیتے ہیں۔
(6)
سخطة له:
دین کے کسی عیب یا نقص سے ناراض ہو کر مرتد ہونا،
کیونکہ کسی اور سبب سے الگ ہونا ناممکن ہے۔
(7)
تَكُونُ الْحَرْبُ بَيْنَنا وَبَيْنَهُ سِجَالً:
ا کہ ہمارے اور اس کے درمیان لڑائی کا اسلوب ڈول کھینچنے کا ہے،
کبھی وہ غالب آتا ہے،
کبھی ہم،
کیونکہ اس وقت تین عظیم جنگیں ہو چکی تھیں،
بدر،
اُحد اور خندق،
بدر میں مسلمان غالب،
اُحد میں بظاہر وہ غالب،
اگرچہ انجام کے اعتبار سے مسلمان فاتح تھے اور خندق میں کافر حملہ آور ہوئے تھے،
لیکن ناکام لوٹے تھے۔
(8)
مَا أَمْكَنَنِي مِنْ كَلِمَةٍ:
کہ مجھے کہیں ایسا موقعہ نہیں ملا،
جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کوئی عیب اور کمزوری منسوب کر سکوں،
لیکن یہاں چونکہ معاہدہ کا تعلق آئندہ زمانہ سے تھا،
اس لیے میں نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ عہد شکنی نہیں کرے گا،
اپنی لاعلمی کا اظہار کیا اور ان کے مکان رفیع کو گرانے کی کوشش کی،
لیکن ہرقل نے اس کی اس بات کی کوئی اہمیت نہیں دی،
اس لیے اپنے تبصرہ میں کہا،
تیرا خیال اور قول یہ ہے کہ وہ عہد شکنی نہیں کرتا۔
(9)
إِذاخَالَطَ بشَاشَة القُلَوب:
جب وہ دل کے انشراح اور فردت میں اتر جاتا ہے،
اس میں گھر بنا لیتا ہے تو وہ نکلتا نہیں ہے اور کوئی انسان ایمان سے پھر کر ارتداد اختیار نہیں کرتا۔
(10)
إِنْ يَكُنْ مَا تَقُولُ فِيهِ حَقًّا:
اگر تمہاری یہ باتیں سچی ہیں تو پھر یہ زمین جہاں میں کھڑا ہوں،
وہ بھی ان کے اقتدار اور حکومت میں آ جائے گی۔
ہرقل نے انتہائی بصیرت اور زیرکی سے ابو سفیان سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں انتہائی جچے تلے اور بنیادی سوالات کیے اور اس کے جوابات کی روشنی میں،
صحیح صحیح نتائج اخذ کیے اور اسے یقین ہو گیا کہ آپ واقعی نبی ہیں اور چونکہ وہ تورات اور انجیل کا ماہر تھا اور علم نجوم سے آگاہ تھا،
اس لیے اس کو پتہ چل چکا تھا کہ آخری نبی پیدا ہونے والا ہے اور آپ کی علامات سے اس کو آپ کے نبی ہونے کا یقین ہو گیا،
اس لیے اس نے آپ سے انتہائی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا،
لیکن اقتدار کی ہوس اور خواہش نے اسے اندھا کر دیا اور آپ کے اس جملہ اسلم تسلم سے وہ یہ صحیح نتیجہ نہ نکال سکا کہ مسلمان ہونے کے بعد میری حکومت برقرار رہے گی،
اس لیے مسلمان نہ ہوا بلکہ جنگ موتہ 8ھ میں مسلمانوں کے خلاف میدان مقابلہ میں آیا اور آپ نے یہاں سے اسے دوبارہ خط لکھا،
لیکن اس نے پھر بھی اپنے اسلام کا اظہار کیا،
آپ کے جواب میں،
اپنے مسلمان ہونے کا اظہار کیا،
لیکن مسلمانوں کے مقابلہ سے پیچھے نہ ہٹا اور اپنی قوم کے سامنے اسلام کا اظہار نہ کیا،
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”اس نے جھوٹ لکھا ہے،
وہ عیسائیت پر قائم ہے۔
“ فوائد ومسائل:
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہرقل کے نام کو خط لکھا ہے،
اس سے پتہ چلتا ہے کہ اگر کافر کو بھی خط لکھا جائے تو اس کا آغاز بسم اللہ سے کیا جائے گا،
پھر لکھنے والا اپنا نام شروع میں لکھ دے گا تاکہ مکتوب الیہ کو پتہ چل جائے لکھنے والا کون ہے اور اس کے مطابق خط کو اہمیت دے،
نیز مکتوب الیہ کے لیے،
اس کے مقام و مرتبہ کے مطابق مناسب تعظیمی القاب لکھے جائیں گے،
تاکہ وہ شروع ہی سے نفرت و غضب کا شکار نہ ہو جائے،
اس لیے آپ نے ہرقل کے لیے عظیم الروم کے الفاظ استعمال کیے اور اس خط سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کافر کو سلام کہنے میں پہل نہیں کی جائے گی،
اکثر علماء کا یہی قول ہے اور صحیح احادیث سے اس کا تائید ہوتی ہے،
بلکہ بعض علماء کا خیال تو یہ ہے کہ بدعتی اور فاسق و فاجر کو بھی سلام نہیں کہا جائے گا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اَسلِم تَسلَم کے الفاظ کے ذریعہ انتہائی بلیغ اور مؤثر انداز میں انتہائی جامعیت اور اختصار کے ساتھ ہر قسم کی دنیوی اور اخروی سلامتی کی ضمانت دے دی تھی اور پوری قوم کے اجروثواب کے سمیٹنے کا شوق اور ترغیب دلائی تھی،
اگر تم مسلمان ہو گئے تو تمہاری رعایا بھی تمہارے سبب مسلمان ہو جائے گی اور تمہیں اس کا اجروثواب ملے گا،
اگر تم مسلمان نہ ہوئے تو تمہارے ڈر اور خوف کی وجہ سے تمہاری کمزور رعایا جن کی اکثریت کاشتکاروں اور کسانوں پر مشتمل ہے،
وہ مسلمان نہیں ہو گی اور ان کا وبال بھی تم پر پڑے گا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خط میں اس کی طرف ایک آیت لکھی جس کے بارے میں دو نظریات ہیں۔
(1)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ عبارت اپنے کلام کے طور پر لکھی،
کیونکہ یہ خط آپ نے 7ھ میں لکھا جبکہ یہ آیت وفد نجران کی آمد پر 9ھ میں اتری،
گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ آنے والی آیت کے موافق نکلے۔
(2)
یہ آیت وفد نجران کی آمد سے پہلے اتر چکی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وفد کی آمد پر ان کو پڑھ کر سنائی،
اس صورت میں اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کافر کو بھی دعوت و تبلیغ کے لیے خط میں آیات قرآن لکھی جا سکتی ہیں۔
ابن ابی کبشہ سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس نام سے تعبیر کرنے کی مختلف وجوہ بیان کی جاتی ہیں،
(1)
ابو کبشہ آپ کے نانا یا دادا کا نام تھا اور عربوں کا یہ دستور تھا کہ جب وہ کسی کی تحقیر کرنا چاہتے تو اسے اس کے کسی غیر معروف دادے یا نانے کی طرف منسوب کرتے۔
(2)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رضاعی باپ حارث کی بیٹی کبشہ تھی،
اس لیے اسے ابو کبشہ کہا جاتا تھا۔
(3)
ابو کبشہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم صلی اللہ علیہ وسلم کی رضاعی ماں حلیمہ کے باپ کی کنیت تھی۔
(4)
ابو کبشہ نامی ایک بت پرست شخص تھا،
جس نے اپنی قوم کے دین بت پرستی کو چھوڑ کر شعریٰ ستارہ کی پرستش شروع کر دی تھی تو گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی طرح اپنی قوم کا دین چھوڑ دیا،
بہرحال ابو سفیان جو اس وقت کافر تھا،
اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت آپ کے معروف اور مشہور دادے عبدالمطلب کی بجائے کسی ایسی شخصیت کی طرف کی جو گمنام اور غیر معروف تھا،
آخر کار اللہ تعالیٰ نے اپنی توفیق سے ابو سفیان کو نوازا،
اس کے دل میں اسلام داخل کر دیا اور اسے مسلمان ہو جانے کی توفیق عنایت فرمائی اور وہ فتح مکہ کے موقعہ پر مسلمان ہو گیا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم 4607