🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تخریج الحدیث : [صحيح بخاري 21]، [صحيح مسلم 165] فقہ الحدیث ➊ اس حدیث اور دوسری احادیث و آیات...
تخریج الحدیث:
[صحيح بخاري 21] ،
[صحيح مسلم 165]

فقہ الحدیث
➊ اس حدیث اور دوسری احادیث و آیات سے صاف ظاہر ہے کہ ایمان کے درجے ہیں، لہٰذا لوگ ان درجوں میں مختلف ہیں، کسی کا ایمان زیادہ ہے اور کسی کا ایمان کم ہے۔ سب سے اعلیٰ درجے کا ایمان نبیوں اور رسولوں کا ایمان ہوتا ہے، پھر صحابہ کا اور پھر تابعین کا، لہٰذا جو شخص انبیاء و صحابہ کے ایمان کو ایک عام آدمی کے ایمان کے برابر سمجھتا ہے، اس شخص کا عقیدہ غلط اور باطل ہے۔
➋ جس طرح انسان طبعیت کے لحاظ سے میٹھی چیز پسند کرتا ہے، اسی طرح اسے چاہئے کہ ایمان کے تمام درجات کو اپنی زندگی میں لانے کی مسلسل کوشش کرتا رہے، تاکہ اس کا ایمان زیادہ سے زیاہ ہی ہوتا جائے۔
➌ ❀ ایک حدیث میں آیا ہے کہ جو شخص (ایک) اللہ کے رب ہونے، اسلام کے دین ہونے اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کے رسول ہونے پر راضی ہے، اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیا۔ [صحيح مسلم: 34/56، مشكوة المصابيح: 9، اضواء المصابيح: 9]
➍ اس حدیث میں «مما سواهما» تثنیہ کا صیغہ اس لئے آیا ہے کہ اللہ اور رسول سے بیک وقت محبت کرنا ہی ایمان و اسلام کا تقاضا و رکن ہے، لہٰذا جو لوگ اللہ سے محبت کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم (کی احادیث) سے محبت نہیں کرتے تو ان کا دعویٰ ایمان باطل ہے۔
➎ اس حدیث اور دیگر دلائل سے ثابت ہے کہ امت محمدیہ کے لئے خود آگ میں چھلانگ لگانا جائز نہیں بلکہ حرام ہے۔
➏ اسلام قبول کرنے کے بعد اس سے انحراف، آگ میں کودنے کے مترادف ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 8