🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس حدیث سے والدین کے احسان کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انسان خواہ والدین کے ساتھ...
فوائد ومسائل:
(۱)اس حدیث سے والدین کے احسان کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انسان خواہ والدین کے ساتھ جتنا بھی حسن سلوک کرے کم ہے اور اس کے لیے والدین کی قربانیوں کا بدلہ دینا ممکن نہیں ہے۔
(۲) اسلامی حکومت جب جہاد کرے اور دوران جنگ جو کافر گرفتار ہوں ان کو غلام بنا لیا جاتا ہے۔ شروع اسلام میں یہ لوگ مسلمانوں سے متاثر ہو کر مسلمان ہو جاتے تھے۔ بسا اوقات بیٹا آزاد ہو جاتا اور باپ غلام ہی ہوتا تو اس صورت میں اگر بیٹا باپ کو خرید لے تو باپ خود بخود آزاد ہو جاتا ہے لیکن بیٹے کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔
(۳) شیخ البانی رحمہ اللہ نے صحیح الادب المفرد میں علامہ سندی کے حوالے سے لکھا ہے کہ غلام کے سانس بھی گویا اس کے اپنے نہیں ہوتے اور وہ ہلاک ہونے والے شخص کی طرح ہوتا ہے اور اس کو آزادی دلوانا اسے زندگی دینا ہے۔ بیٹا اگر باپ کو آزادی دلواتا ہے تو گویا اس نے باپ کو عدم سے وجود بخشا اور باپ بھی بیٹے کے عدم سے وجود میں آنے کا سبب بنا تھا اس لیے اس کا یہ فعل اس کے برابر ہوگیا تو اس نے والد کا بدلہ ادا کر دیا۔ والله اعلم بالصواب۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 10