🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس حدیث سے بوڑھے شخص کا حج کرنا ثابت ہوتا ہے اگرچہ وہ خود چل پھر نہ...
فوائد ومسائل:
(۱)اس حدیث سے بوڑھے شخص کا حج کرنا ثابت ہوتا ہے اگرچہ وہ خود چل پھر نہ سکتا ہو۔ اور سواری وغیرہ پر طواف کرنے کا جواز بھی معلوم ہوا۔
(۲) اس حدیث سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ انسان والدین کی کتنی ہی زیادہ خدمت کرے ان کا حق ادا نہیں کرسکتا بالخصوص والدہ کا جو اولاد کی خاطر کئی بار موت کے منہ سے واپس آتی ہے۔ اس میں والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ حسن سلوک کی ترغیب ہے اور یہ کہ بندے کو اس بات کا حریص ہونا چاہیے کہ والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اچھا برتاؤ کرے۔ ابن عمر رضی اللہ عنہ نے یمنی کو بتایا کہ ولادت کے وقت ماں کو جس مشقت سے گزرنا پڑتا ہے تونے ابھی تک تو اس کے ایک سانس کا بدلہ بھی نہیں دیا۔
(۳) شیخ البانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس حدیث سے ماں کے اجر کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ایک عورت کو کسی بچے کو جنم دینے کا کتنا بڑا اجر ملتا ہے۔ اس لیے خواتین کو یہ اجر و ثواب حاصل کرنے کے لیے منصوبہ بندی سے گریز کرنا چاہیے۔
(۴) مقام ابراہیم پر ابن عمر رضی اللہ عنہما کے نماز پڑھنے اور فضیلت بتانے سے نفل نماز کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ نماز جس طرح قرب الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے اسی طرح گناہوں کے کفارے کی سب سے عمدہ صورت بھی ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 11