🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)آنکھوں کی ٹھنڈک کا مطلب یہ ہے کہ اولاد سے انسان کو سرور اور فرحت نصیب ہوتی...
فوائد ومسائل:
(۱)آنکھوں کی ٹھنڈک کا مطلب یہ ہے کہ اولاد سے انسان کو سرور اور فرحت نصیب ہوتی ہے۔ تمنائیں اس طرح پوری ہوں کہ انسان راضی ہو جائے اور کہیں اور دیکھنے کی ضرورت نہ رہے تو ایسے موقع پر بھی یہ جملہ بولتے ہیں۔
(۲) اولاد فرمانبردار اور نیک ہو کہ جہنم سے بھی بچ جائے تو انسان کی آنکھیں ٹھنڈی ہوتی ہیں،ا س سے صرف دنیا کی خوشحالی مراد نہیں ہے۔ حدیث کے آخر میں جس آیت کا حوالہ دیا گیا ہے اس کی تفسیر میں ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ اس سے مراد یہ ہے کہ وہ (اولاد)اللہ کی اطاعت کے امور بجا لائیں تاکہ دنیا و آخرت میں ان والدین کی آنکھیں ٹھندی ہوں۔ حسن بصری رحمہ اللہ سے اس آیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے فرمایا:”اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلمان بندے کے بیوی بچوں، بھائیوں اور دوست و احباب کو اپنا فرمانبردار بنائے کیونکہ اللہ کی قسم! مسلمان کی آنکھوں کی ٹھنڈک کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔
(۳) اس حدیث میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ اگر بندہ مسلمانوں کے گھر پیدا ہو اور مسلمانوں والا ماحول میسر ہو تو اسے اس پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی شکر بجا لانا چاہیے۔ کتنے ایسے لوگ ہیں کہ وہ کافر گھرانوں میں پیدا ہوتے ہیں اور کفر ہی کی حالت میں مرجاتے ہیں۔ اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ دوسری اس بات کی تمنا کہ اگر میں فلاں زمانے میں ہوتا تو یہ کرتا، یہ بھی نہیں کہنا چاہیے کیونکہ ممکن ہے اس دور میں وہ ہوتا تو گمراہ ہو جاتا۔ تابعین کے جذبات اگرچہ بہت اچھے تھے کہ ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھتے، آپ کی مدد و نصرت کرتے لیکن حضرت مقداد رضی اللہ عنہ نے یہ بات سمجھائی کہ تمہیں اللہ کی تقدیر پر راضی رہنا چاہیے، نہ معلوم تم اس دور میں ہوتے تو آپ کے حمایتی ہوتے یا مخالف۔ وہ فرماتے ہیں:ہم نے دیکھا کہ آدمی خود مسلمان ہے جبکہ اس کی اولاد کافر ہے اسے یہی قلق رہتا کہ کہیں یہ حالت کفر میں مر کر جہنم واصل نہ ہو جائیں۔ تمہارے عزیز و اقارب اور بہن بھائی تو مسلمان ہیں اس لحاظ سے تم خوش قسمت ہو کیونکہ انسان خود جتنا آسائش اور نعمت میں ہو اگر وہ دیکھ رہا ہو کہ اس کی اولاد تکلیف اور جہنم میں جانے والی ہے تو اسے کسی صورت بھی سکون نہیں ہوگا۔
(۴) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم نہایت کڑی آزمائشوں سے گزرے اس لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے درجات بھی بلند کیے۔
(۵) تابعین، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے فضل کے معترف تھے اور ان سے محبت کرتے تھے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 87