🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سائل خود سیدنا ابو ذر رضی اللہ عنہ ہی تھے...
فوائد ومسائل:
(۱)دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سائل خود سیدنا ابو ذر رضی اللہ عنہ ہی تھے جس سے پتا چلا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم افضل اعمال کی معلومات اور ان پر عمل کرنے میں بڑے حریص تھے اس لیے اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی رضا کا سرٹیفکیٹ عطا فرمایا۔
(۲) ایمان بھی عمل بلکہ سب سے افضل عمل ہے جس پر تمام اعمال کی قبولیت کا دارومدار ہے۔ ایمان کے بغیر کوئی عمل قبول نہیں ہوسکتا۔ جہاد ایمان کی راہ کو ہموار کرتا ہے اس لیے ایمان کے بعد اس کا ذکر فرمایا۔ اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے کی جانے والی ہر کوشش جہاد کہلاتی ہے اور وقت کے تقاضوں کے مطابق کبھی تلوار سے جہاد افضل ہوتا ہے اور کبھی قلم و قرطاس وغیرہ سے۔
(۳) کسی کو غلامی سے آزادی دلوانا اسے نئی زندگی دینے کے مترادف ہے۔ ایک حدیث میں اس کی فضیلت یہ ذکر ہوئی ہے کہ مسلمان غلام کو آزاد کرنے کے بدلے اللہ تعالیٰ آزاد کرنے والے کے ہر عضو کو جہنم سے آزاد کر دیتا ہے۔ (صحیح البخاري، العتق، حدیث:۲۵۱۷)
عصر حاضر میں کسی مقروض اور مفلوک الحال کی مدد کرکے بھی یہ فضیلت حاصل کی جاسکتی ہے۔
(۴) جہاد کے لیے شجاعت اور بہادری کی ضرورت ہے اور غلام کو آزادی وہی شخص دلوا سکتا ہے جس کے پاس مال و دولت ہو، خصوصاً جب غلام مہنگا بھی ہو۔ اس لیے یہ دونوں کام ہر آدمی نہیں کرسکتا۔ لیکن کسی مجبور کی مدد اور نصرت کرنا تو حتی الوسع ہر انسان کے بس میں ہے۔ ایک حدیث میں آپ کا فرمان ہے:”مجھے کسی مسلمان کی ضرورت پوری کرنے کے لیے جانا مسجد نبوی میں ایک ماہ قیام کرنے سے زیادہ پسند ہے۔“ (سلسلة الأحادیث الصحیحة، حدیث:۹۰۶)
اگر کوئی شخص یہ سارے کام کرنے سے عاجز ہو، یعنی اس کے بس میں نہ ہو تو دوسرے کو ایذا رسانی سے باز رہنا بھی نیکی ہے۔ یعنی جو شخص کسی کو فائدہ نہیں پہنچا سکتا تو کم از کم کسی کو ایذا نہ دینا تو اس کے اختیار میں ہے۔ اگر وہ لوگوں کی ایذا پر صبر کرتا ہے اور اپنے شر سے دوسروں کو محفوظ رکھتا ہے تو یقیناً وہ اپنی ذات پر صدقہ کرنے والا ہے کہ اس نے اپنے آپ کو دنیا و آخرت کی تنگی سے بچا لیا۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 220