🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس روایت سے معلوم ہوا کہ مال اللہ تعالیٰ کا فضل ہے بشرطیکہ اس کے ساتھ ساتھ...
فوائد ومسائل:
(۱)اس روایت سے معلوم ہوا کہ مال اللہ تعالیٰ کا فضل ہے بشرطیکہ اس کے ساتھ ساتھ اللہ کی فرمانبرداری ہو۔ بصورت دیگر وبال جان ہے کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے جن ساتھیوں پر رشک کا اظہار کیا وہ ایسے مال دار تھے جو اپنا مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے تھے اور اس خرچ کرنے کی فضیلت ہی کا انہوں نے آپ سے ذکر کیا۔
(۲) مال خرچ کرنے کی تمنا کرنا اچھی خواہش ہے لیکن اگر مال نہ ہو تو خیر کے دوسرے راستوں کو اختیار کیا جاسکتا ہے اور في سبیل اللہ خرچ کرنے کی فضیلت حاصل کی جاسکتی ہے۔ صحیح مسلم (۱۰۰۹)میں ہے کہ کسی آدمی کو سواری پر سوار کرنا یا اس کا سامان پکڑانا، اچھی بات کرنا، نماز کی طرف چل کر جانا اور راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا بھی صدقہ ہے۔ یہ صدقہ ہر انسان کے بس میں ہے۔
(۳) بدکاری کرنا شر اور گناہ ہے اور اس سے باز رہنا شر اور برائی سے باز رہنا ہے اور گزشتہ حدیث میں ذکر ہوا ہے کہ برائی اور شر سے باز رہنا بھی صدقہ ہے چہ جائیکہ حلال کام کرے وہ تو بالاولیٰ باعث اجر ہوگا۔
(۴) جمہور اہل علم کے نزدیک مباح امور میں اگر نیت احکام الٰہی کی تعمیل کی ہو تو وہ بھی باعث اجر ہے۔ اسی طرح نکاح کا مقصد یا مباشرت کا مقصد پاک دامنی اور حصول اولاد ہو تو وہ صدقہ ہے، یعنی جس طرح صدقے سے قرب الٰہی حاصل ہوتا ہے اسی طرح دیگر نیک اعمال بھی اس کا ذریعہ ہیں۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 227