🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)آپس میں محبت و الفت سے رہنا دین اسلام میں پسندیدہ بلکہ مطلوب ہے یہ دین اسلام...
فوائد ومسائل:
(۱)آپس میں محبت و الفت سے رہنا دین اسلام میں پسندیدہ بلکہ مطلوب ہے یہ دین اسلام کا ایک سنہری باب ہے کہ اس کے ماننے والے ایک دوسرے کے بھائی بھائی ہیں اور ان کے دل بھی باہم ملے ہوئے ہیں۔ اس الفت اور محبت کو مزید بڑھانے کا ایک ذریعہ سلام کو عام کرنا ہے۔
(۲) جنت میں جانے کے لیے ضروری ہے کہ انسان مسلمان اور مومن ہو۔ کافروں پر جنت حرام ہے اور وہ دائمی جہنمی ہیں۔ رہے ان کے اچھے اعمال تو اس کا صلہ اللہ تعالیٰ چاہے گا تو انہیں دنیا ہی میں دے دے گا۔ اور اگر چاہے گا تو کسی کے عذاب میں تخفیف کر دے گا جیسا کہ ابو طالب کے ساتھ ہو گا۔ (صحیح مسلم، ح:۵۱۵)اور مسلمان وہ ہے جو مسلمانوں سے محبت رکھے اور کافروں سے بغض۔ یہ اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے جسے شرعی اصطلاح میں الولاء والبراء کہا جاتا ہے۔ اس کے بغیر نجات مشکوک ہے اس لیے اللہ کی رضا کے لیے باہم محبت و شفقت نہایت ضروری ہے اور سلام کے ذریعے محبت پیدا ہوتی ہے۔
(۳) بغض و کینہ ایسا خطرناک مرض ہے جو چپکے سے انسان میں گھس کر اس کے دین کو برباد کر دیتا ہے اور انسان کو احساس بھی نہیں ہوتا۔ ایک حدیث میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حسد و بغض کو پہلی امتوں کی بیماری قرار دیا ہے۔ اس حدیث کی رو سے باہمی حسد و بغض سے انسان کے تمام اعمال بھی برباد ہوسکتے ہیں۔ دنیا میں قتل و غارت اسی حسد و بغض کا شاخسانہ ہے حتی کہ تاریخ انسانی کا پہلا قتل بھی اسی وجہ سے ہوا۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 260