🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)بلاشبہ نطفہ رحم میں....سے آخری تک بظاہر ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا قول ہے لیکن مرفوعاً...
فوائد ومسائل:
(۱)بلاشبہ نطفہ رحم میں....سے آخری تک بظاہر ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا قول ہے لیکن مرفوعاً بھی صحیح ثابت ہے۔
(۲) خیر و شر کا خالق حقیقی اللہ تعالیٰ ہے۔ لیکن تقدیر کا سہارا لے کر برائی کے راستے پر چلنا اور یہ کہنا کہ اللہ تعالیٰ نے میرے مقدر میں ایسے لکھا ہے ہرگز درست نہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تمہیں عمل کرنے چاہئیں اللہ تعالیٰ نے جس کو جس کے لیے پیدا کیا ہے اسے اسی کی طرف توفیق ملتی ہے۔ خیر و شر کے دونوں راستے اللہ تعالیٰ نے بتا دیے ہیں اور شر والے راستے کو چھوڑنے کا حکم ہے۔
(۳) حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے شاگردوں نے جب کسی آدمی کی بد اخلاقی کا ذکر کیا تو انہوں نے فرمایا کہ اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ تمہارا کام اصلاح کرنا ہے کسی کو بدلنا تمہارے اختیار میں نہیں۔ برے اور اچھے اخلاق کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ یعنی اللہ کی تقدیر میں یہ بات پہلے سے طے ہوچکی ہے کہ وہ بد اخلاق ہوگا۔ لیکن اس تقدیر کا کسی کو علم نہیں اس لیے ہر شخص کو احکام الٰہی کی پابندی کرتے ہوئے زندگی گزارنی چاہیے۔
(۴) تقدیر کے حوالے سے یہ ذہن میں رہنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے ازلی علم کی بنیادی پر یہ لکھ دیا ہے کہ فلاں ایسا ہوگا، فلاں کو اتنا رزق ملے گا وغیرہ، اور ہمیں اس کے بارے میں نہیں بتایا۔ ایسا نہیں ہے کہ لکھ کر ہمارے اوپر تھوپ دیا گیا ہو۔ جو ہم کر رہے ہیں وہ لکھا ہوا ہے نہ کہ ہم لکھے ہوئے کے پابند ہیں بلکہ ہمیں خیر و شر کے دونوں راستے بتا دیے گئے خیر کو اختیار کرنے اور شر سے بچنے کا حکم ہے۔ جس طرح رزق کے بارے میں ہم تگ و دو کرتے ہیں۔ اچھا کاروبار کرتے ہیں، نقصان سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح اعمال کے بارے میں بھی کرنا چاہیے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 283