🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس روایت کی سند یزید کی وجہ سے ضعیف ہے، تاہم اس کا پہلا حصہ (کَانَ خُلُقُہ...
فوائد ومسائل:
(۱)اس روایت کی سند یزید کی وجہ سے ضعیف ہے، تاہم اس کا پہلا حصہ (کَانَ خُلُقُہ الْقُرآنَ)ایک دوسری سند سے صحیح مسلم وغیرہ میں موجود ہے۔ (صحیح مسلم، حدیث:۷۴۶)
(۲) ”آپ کا اخلاق قرآن تھا“ اس کے کئی مفہوم علماء نے بیان کیے ہیں:
٭ قرآن نے جن اخلاق حمیدہ کا ذکر کیا ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان سے متصف تھے، یعنی قرآن نے جن اعلیٰ اوصاف کو اختیار کرنے کا حکم دیا ہے آپ ان سے متصف تھے۔
٭ آپ قرآن کے او امر کو بجا لانے والے اور اس کی منہیات سے رکنے والے تھے۔ گویا کوئی شخص تلاوت کلام کے دوران اس کے او امر و نواہی پر غور کرے، ان کے عامل کا جو نقشہ ذہن میں بنے وہ آپ کا اخلاق ہے۔
٭ آپ کے اخلاق کا ذکر قرآن مجید میں ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَاِنَّكَ لَعَلَی خُلُقٍ عَظِیْمٍ﴾ (القلم:۴)
”آپ عظیم اخلاق کے مالک ہیں۔“
(۳) صحابہ کرام امہات المومنین سے علمی استفادہ کرتے تھے جس سے معلوم ہوا کہ کسی عالمہ سے کوئی مرد بھی پڑھ سکتا ہے بشرطیکہ شرعی حدود کی پاسداری کی جائے اور فتنے کا اندیشہ نہ ہو۔
(۴) اس سے قرآن کی قدر و منزلت کا پتہ چلتا ہے، نیز یہ کہ وہ علم و عمل کے لیے نازل ہوا ہے کہ اس کے او امر و نواہی کے مطابق خود کو ڈھالا جائے۔ اس لیے ہمیں آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خود کو قرآن کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔
(۵) حدیث کا باب سے تعلق اس طرح ہے کہ آپ نے حسن اخلاق کی دعا کی جیسا کہ دیگر روایات میں مروی ہے:((اللّٰهم کما حَسَّنْتَ خَلْقی فحَسِّن خُلُقِی))(الارواء حدیث:۷۴)تو اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا قبول فرمائی اور آپ کا اخلاق قرآن مجید بنا دیا۔ اس لیے جو آپ کی اقتدا کرنا چاہتا ہے اسے حسن اخلاق کی دعا کرنی چاہیے اور عملی کوشش کرنی چاہیے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 308