🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس باب اور حدیث کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی نیک سیرت آدمی سے...
فوائد ومسائل:
(۱)اس باب اور حدیث کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی نیک سیرت آدمی سے محبت کرتا ہے اور اپنا کردار اور عمل اس جیسا بنانے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس جیسا عمل نہیں کرپاتا تو اس محبت کی برکت سے اللہ تعالیٰ اس کو بھی نیکوں کے ساتھ ملا دے گا۔ اگر کوئی شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کرتا ہے تو قیامت کے دن اسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ نصیب ہوگا اور ہر شخص کو اس کی محبت کے مطابق قرب نصیب ہوگا جبکہ آپ جنت میں سب سے اونچے درجے پر فائز ہوں گے۔
(۲) اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کی پابندی کی جائے اور منہیات سے باز رہا جائے، نیز شرعی آداب کو ملحوظ رکھا جائے۔
(۳) اس حدیث میں اللہ تعالیٰ، اس کے رسول اور صحابہ کرام سے محبت کرنے والے کے لیے خوشخبری ہے اور ان سے محبت نہ کرنے والے کے لیے ناکامی و نامرادی کے سوا کچھ نہیں۔
(۴) یہ ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والا ایسے اعمال بجا نہ لاسکے جیسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بجا لاتے تھے لیکن وہ کبائر کا مرتکب اور حرمات کی پامالی کرنے والا ہرگز نہیں ہوسکتا۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 351