🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت مبارکہ تھی کہ اگر کوئی آپ کو ہدیہ اور...
فوائد ومسائل:
(۱)رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت مبارکہ تھی کہ اگر کوئی آپ کو ہدیہ اور تحفہ پیش کرتا تو اپنی استطاعت کے مطابق اس سے بڑھ کر عطا فرماتے۔ صحابہ کرام آپ کے تھوڑے کو بھی بہت زیادہ سمجھتے، جیسے کسی شاعر نے کہا ہے:
وقَلیل منك لا یقال له قلیل
”تیرے تھوڑے کو تھوڑا نہیں کہا جاسکتا۔“
مذکورہ بالا جن قبائل کا تذکرہ آپ نے کیا وہ معاوضے کے لالچ کے بغیر سخاوت نفس سے ہدیہ دیتے تھے کہ اگر جواباً نہ بھی ملتا تو آپ کا قبول کر لینا ہی ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہ ہوتا۔
(۲) فزاری نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک اونٹنی ہدیہ کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سمجھ گئے کہ یہ زیادہ کے حصول کا طلب گار ہے اس لیے آپ نے اسے چھ اونٹنیاں دیں لیکن اس کے باوجود وہ ناراض ہوگیا۔ (سنن الترمذی، حدیث:۳۰۹۱)لوگ بادشاہوں کے حضور نذرانے پیش کرتے اور وہاں سے بے تحاشا مال و صول کرتے تھے کیونکہ ان بادشاہوں کے پاس بھی حلال و حرام کا مال ہوتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معاملہ اس کے برعکس تھا کہ آپ کے پاس تو جو ذاتی ہوتا وہ بھی ضرورت مند کو دے دیتے۔ اس لیے آپ نے اپنی وسعت کے مطابق خوب بدلہ دیا۔
(۳) اس سے معلوم ہوا کہ انسان کسی مصلحت کے پیش نظر کسی خاص فرد سے تحائف اور لین دین کا سلسلہ ختم کرسکتا ہے، تاہم اس وجہ سے سلام دعا ترک کرنا ناجائز ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 596