🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)جو شخص پختہ عزم کے ساتھ یقین کامل رکھتے ہوئے درج بالا دعا صبح و شام تین...
فوائد ومسائل:
(۱)جو شخص پختہ عزم کے ساتھ یقین کامل رکھتے ہوئے درج بالا دعا صبح و شام تین مرتبہ پڑھتا ہے وہ کسی بھی ناگہانی آفت سے محفوظ رہتا ہے۔ اس لیے صبح و شام اس کا ضرور اہتمام کرنا چاہیے۔
(۲) راوی حدیث حضرت ابان بن عثمان رحمہ اللہ کو فالج ہوا جس سے ان کے جسم کا ایک حصہ متاثر ہوا۔ جب انہوں نے یہ حدیث بیان کی تو سننے والے شخص نے مشکوک نگاہوں سے اس کی طرف دیکھا کہ اگر یہ بات صحیح ہے تو پھر انہیں فالج کیوں ہوا؟ جس کا جواب ابان رحمہ اللہ نے یوں دیا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان برحق ہے۔ یہ میری کوتاہی ہے کہ میں اس دن یہ دعا پڑھنا بھول گیا تھا۔ تکلیف آنے کا سبب ایک یہ بھی ممکن ہے کہ آدمی یہ دعا بھول جائے۔ لیکن اس بارے میں یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ یہ ایک دعا ہے اور دعا کی قبولیت میں کوئی رکاوٹ بھی ہو سکتی ہے۔ مثلاً:دعا دل کی غفلت کے ساتھ کی جائے۔ (ترمذی:۳۴۷۹۔ صحیحة:۵۹۴)یا کھانا اور لباس وغیرہ حرام کے مال کا ہو۔ (مسلم:۲۳۴۶)
ایک چیز یہ بھی ہے کہ دعا کی قبولیت کی صورت یہ بھی ہے کہ اسی طرح کی کسی اور نقصان دہ چیز سے بچا لیا جائے۔ بہر حال آدمی کو ہر حال میں اللہ سے مانگنا ہے۔ مسلسل دعا کرنی ہے اور یقین کے ساتھ کرنی ہے اور اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اپنے بندوں کی دعا قبول کرتا ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 660