🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس سے معلوم ہوا قیام اللیل کی رکعات زیادہ سے زیادہ تیرہ ہیں۔ اس میں وتر بھی...
فوائد ومسائل:
(۱)اس سے معلوم ہوا قیام اللیل کی رکعات زیادہ سے زیادہ تیرہ ہیں۔ اس میں وتر بھی شامل ہے۔ نیز رمضان کے علاوہ بھی اسے اتفاقی طور پر باجماعت ادا کیا جاسکتا ہے۔
(۲) مقتدی کو امام کے دائیں جانب کھڑا ہونا چاہیے جب کوئی تیسرا آدمی نہ ہو۔ نیز نماز کی اصلاح کے لیے نماز میں حرکت جائز ہے۔ اس سے نماز خراب نہیں ہوتی۔ اس سے ان لوگوں کے موقف کی تردید ہوتی ہے جو کہتے ہیں کہ پاؤں اوپر اٹھ جائے تو نماز باطل ہو جاتی ہے۔
(۳) نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھیں سو جاتی تھیں اور دل جاگتا تھا اس لیے سو کر اٹھنے کے بعد آپ کے لیے وضو کرنا ضروری نہیں تھا۔ ہاں اگر وضو ٹوٹ جاتا تو آپ وضو کرتے تھے۔
(۴) دعا میں جس نور کا ذکر ہے اس سے حقیقی نور بھی ہوسکتا ہے کہ ہر عضو روشن ہو جائے جس سے قیامت کی تاریکیوں میں روشنی حاصل کی جاسکے اور استعارتاً علم اور ہدایت بھی مراد ہوسکتی ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿فَهُوَ عَلَی نُوْرٍ مِنْ رَبِّهِ﴾ (الزمر:۲۲)
”وہ اپنے رب کی طرف سے نور پر ہیں۔“
اور دونوں طرح کے نور بھی ہوسکتے ہیں۔
(۵) ہر عضو میں نور مانگنے کا مقصد یہ ہے کہ ہر عضو اللہ کی اطاعت کا نمونہ ہو اور اسے اللہ کی معرفت حاصل ہو۔ ایک دفعہ نور مانگنے میں وہ زور نہیں ہے۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 695