🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ مولانا عثمان منیب حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: (۱)اس حدیث سے معلوم ہوا کہ غیبت کبیرہ گناہ ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم...
فوائد ومسائل:
(۱)اس حدیث سے معلوم ہوا کہ غیبت کبیرہ گناہ ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کبیرہ کہا ہے۔
(۲) آپ کے فرمان کہ ”انہیں کسی بڑے گناہ کی وجہ سے عذاب نہیں ہو رہا“ کا مطلب ہے کہ وہ کوئی ایسا نہیں جس سے انہیں بچنا مشکل تھا بلکہ اگر وہ چاہتے تو بچ سکتے تھے۔
(۳) اس سے معلوم ہوا عذاب قبر برحق ہے اور اس کے منکر احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
(۴) ان کے عذاب کی اطلاع پانا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہے۔ ایک حدیث میں ہے۔ آپ نے فرمایا:”اگر مجھے یہ خدشہ نہ ہوتا کہ تم اپنے مردوں کی تدفین چھوڑ دو گے تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا کہ تمہیں قبر کا عذاب سنا دیتا۔“ (صحیح مسلم، الجنة ونعیمها، ح:۲۸۶۸)
(۵) ایک روایت میں نمیمہ (چغل خوری)کا ذکر ہے تو دونوں روایتوں میں کوئی تضاد نہیں کیونکہ چغل خوری میں غیبت بھی آتی ہے۔ چغل خوری یہ ہے کہ فساد بپا کرنے کے لیے کسی کی بات دوسرے تک پہنچانا۔
(۶) اب قبروں پر سبز ٹہنیاں رکھنے کا کیا حکم ہے؟ اس میں اختلاف ہے، تاہم راجح یہ ہے کہ یہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصا ہے اب ایسا کرنا درست نہیں۔ اس کی تائید درج ذیل باتوں سے ہوتی ہے۔
۱۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد خلفائے راشدین اور جمہور صحابہ نے اسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصا سمجھا ہے اور اسے امت کے لیے سنت نہیں گردانا۔
۲۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے عذاب کے بارے میں معلوم ہوگیا تھا جبکہ ہمیں یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ اس قبر والے کے ساتھ کیا معاملہ ہو رہا ہے۔ اس لیے اگر وہ مومن ہے تو اس کے بارے میں بدظنی ہے کہ اسے عذاب ہو رہا ہے۔
۳۔ یہ ٹہنیاں تخفیف عذاب کا باعث نہیں تھیں بلکہ آپ کی شفاعت باعث تخفیف تھی جسے ٹہنیوں کے خشک ہونے کے وقت کے ساتھ محدود کر دیا گیا۔ رہی یہ توجیہ کہ سبز ٹہنیاں اللہ کی تعریف کرتی ہیں تو یہ بات درست نہیں کیونکہ اللہ کی تعریف تو خشک وتر ہر چیز کرتی ہے۔
(۷) پیشاب سے نہ بچنے کی دو صورتیں ہیں:
۱۔ پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا۔
۲۔ پیشاب کرتے وقت پردے کا اہتمام نہ کرتا تھا۔
فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد 735