🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
572. اردو حاشیہ: ➊ لفظ «فاتموا» ”مکمل کرو“ سے استدلال یہ ہے کہ «مسبوق» ”جسے پوری جماعت نہ ملی...
572. اردو حاشیہ:
➊ لفظ  «فاتموا»  ”مکمل کرو“ سے استدلال یہ ہے کہ «مسبوق» ”جسے پوری جماعت نہ ملی ہو“ جہاں سے اپنی نماز شروع کرتا ہے وہ اس کی ابتداء ہوتی ہے۔ اور بعد از جماعت کی نماز اس کا آخر۔ امام ابوداؤد نے دلائل دیئے ہیں۔ کہ اکثر رواۃ  «فاتموا»  کا لفظ بیان کرتے ہیں، مگر کچھ حضرات کہتے ہیں کہ  «فاقضوا»  ”قضا دو“ کا مفہوم یہ ہے کہ مسبوق امام کے ساتھ جو پڑھتا ہے۔ وہ اس کی نماز کا آخری حصہ ہوتا ہے۔ جیسے کے امام کی نماز کا لہٰذا اٹھ کر اسے فوت شدہ نماز کی قضا کی نیت کرنی چاہیے۔ لیکن یہ لفظ شاذ ہے، جیسے کہ اس کی بابت شیخ البانی کی صراحت آگے آ رہی ہے۔ اس لئے راحج ہے کہ جہاں سے شروع کرے گا۔ وہ اس کی ابتداء ہو گی اور لفظ  «فاقضوا»  میں قضا ہمیشہ فوت شدہ کے لئے استعمال نہیں ہوتا۔ بلکہ ”ادا کرنے“، ”پورا کرنے“ کے معنی میں بھی آتا ہے۔ مثلاً  «فَإِذَا قَضَيْتُمُ الصَّلَاةَ»  ”جب نماز پوری ہو جائے“ اور  «فَإِذَا قَضَيْتُم مَّنَاسِكَكُمْ»  ”جب تم اپنے مناسک حج پورے کر لو۔“ اسی طرح  «فاتموا»  اور  «فاقضوا»  میں تعارض نہیں رہتا۔  [عون المعبود]
➋ سورہ جمعہ کی آیت کریمہ بظاہر اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ کر آنے کا حکم ہے۔ «يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نُودِيَ لِلصَّلَاةِ مِن يَوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّـهِ»  اور حدیث مذکورہ بالا میں سعی (دوڑنا) منع ہے تو اس میں تعارض کا حل یہ ہے کہ دراصل آیت کریمہ میں حکم یہ ہے کہ اپنے مشاغل دنیوی یا غفلت اور کسل مندی و سستی کو ترک کر کے جمعہ کے لئے جلدی کرو۔ گویا آیت میں سعیٰ ”دوڑ کر آنے“ کا مطلب فوراً دنیوی مشاغل ترک کر کے مسجد میں پہنچنا ہے۔ اور حدیث میں مسجد کی طرف آنے کا ادب بتایا گیا ہے کہ دوڑنے کی بجائے، باوقار چال سے چل کر آؤ۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 572