🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: شیخ الحدیث حضرت مولانا عبیداللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: لم يذكر سهل ابن سعد في...
حدیث حاشیہ:
شیخ الحدیث حضرت مولانا عبیداللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
لم يذكر سهل ابن سعد في حديثه محل وضع اليدين من الجسد، وهو عندنا على الصدر لما ورد في ذلك من أحاديث صريحة قوية. فمنها حديث وائل بن حجر قال:
"صليت مع النبي - صلى الله عليه وسلم - فوضع يده اليمنى على يده اليسرى على صدره"، أخرجه ابن خزيمة في صحيحه ذكره الحافظ في بلوغ المرام والدراية والتخليص وفتح الباري. والنووي في الخلاصة وشرح المهذب وشرح مسلم للاحتجاج به على ما ذهبت إليه الشافعية من وضع اليدين على الصدر، وذكرهما هذا الحديث في معرض الاحتجاج به، وسكوتهما عن الكلام فيه يدل على أن حديث وائل هذا عندهما صحيح أو حسن قابل للاحتجاج۔
(مرعاة المفاتیح)
یعنی حضرت سہل بن سعدنے اس حدیث میں ہاتھوں کے باندھنے کی جگہ کا ذکر نہیں کیااور وہ ہمارے نزدیک سینہ ہے۔
جیسا کہ اس بارے میں کئی احادیث قوی اورصریح موجود ہیں۔
جن میں ایک حدیث وائل بن حجر کی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھی۔
آپ نے اپنا دایاں ہاتھ بائیں کے اوپر باندھا اور ان کو سینے پر رکھا۔
اس روایت کو محدث ابن خزیمہ نے اپنی صحیح میں نقل کیا ہے اورحافظ ابن حجر نے اپنی کتاب بلوغ المرام اور درایہ اور تلخیص اور فتح الباری میں ذکر فرمایاہے۔
اورامام نووی نے اپنی کتاب خلاصہ اور شرح مہذب اور شرح مسلم میں ذکر کیاہے اورشافعیہ نے اسی سے دلیل پکڑی ہے کہ ہاتھوں کوسینے پر باندھنا چاہئیے۔
حافظ ابن حجر اورعلامہ نووی نے اس بارے میں اس حدیث سے دلیل لی ہے اور اس حدیث کی سند میں انھوں نے کوئی کلام نہیں کیا، لہٰذا یہ حدیث ان کے نزدیک صحیح یا حسن حجت پکڑنے کے قابل ہے۔
اس بارے میں دوسری دلیل وہ حدیث ہے جسے امام احمد نے اپنی مسند میں روایت کیاہے۔
چنانچہ فرماتے ہیں۔
حدثنا یحییٰ بن سعید عن سفیان ثنا سماك عن قبیصة ابن هلب عن أبیه قال رأیت رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم ینصرف عن یمینه وعن یسارہ و رأیته یضع هذہ علی صدرہ ووصف یحییٰ الیمنیٰ علی الیسریٰ فوق المفصل ورواة هذاالحدیث کلهم ثقات و إسنادہ متصل۔
(تحفة الأحوذي، ص: 216)
یعنی ہم نے یحییٰ بن سعید ثوری سے بیان کیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ہم سے سماک نے قبیصہ ابن وہب سے بیان کیا۔
وہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا۔
آپ اپنے دائیں اوربائیں جانب سلام پھیرتے تھے اور میں نے آپ کودیکھا کہ آپ نے اپنے دائیں ہاتھ کو بائیں پر سینے کے اوپر رکھا تھا۔
اس حدیث کے راوی سب ثقہ ہیں اور اس کی سند متصل ہے۔
تیسری دلیل وہ حدیث ہے جسے امام ابوداؤد نے مراسیل میں اس سند کے ساتھ نقل کیاہے:
حدثنا أبوتوبة حدثنا الهیثم یعني ابن حمید عن ثور عن سلیمان بن موسیٰ عن طاؤس قال کان رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم یضع یدہ الیمنیٰ علی یدہ الیسریٰ ثم یشدبهما علی صدرہ۔
(حوالہ مذکور)
یعنی ہم سے ابوتوبہ نے بیان کیا، وہ کہتے ہیں کہ ہم سے ہیثم یعنی ابن حمیدنے ثور سے بیان کیا، انھوں نے سلیمان بن موسیٰ سے، انھوں نے طاؤس سے، وہ نقل کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں اپنا دایاں ہاتھ بائیں پر رکھتے اوران کو خوب مضبوطی کے ساتھ ملاکر سینہ پر باندھا کرتے تھے۔
عون المعبود شرح ابوداؤد کے صفحہ: 275 پر یہ حدیث اسی سند کے ساتھ مذکور ہے۔
امام بیہقی فرماتے ہیں کہ یہ حدیث مرسل ہے۔
اس لیے کہ طاؤس راوی تابعی ہیں اور اس کی سند حسن ہے اور حدیث مرسل حضرت امام ابوحنیفہ، امام مالک و امام احمد رحمۃ اللہ علیہم کے نزدیک مطلقاً حجت ہے۔
امام شافعی ؒ نے اس شرط کے ساتھ تسلیم کیاہے۔
جب اس کی تائید میں کوئی دوسری روایت موجود ہو۔
چنانچہ اس کی تائید حدیث وائل بن حجر اورحدیث باب سے ہوتی ہے جو اوپر ذکر کی گئی ہے۔
پس اس حدیث سے استدلال بالکل درست ہے کہ نماز میں سینہ پر ہاتھ باندھنا سنت نبوی ہے (صلی اللہ علیه وسلم)
چوتھی دلیل وہ حدیث ہے جسے حضرت ابن عباس ؓ نے آیت کریمہ ﴿فصل لربك وانحر﴾ کی تفسیر میںروایت کیاہے یعنی ضع یدك الیمنی علی الشمال عندالنحر۔
یعنی اپنا دایاں ہاتھ اپنے بائیں پر رکھ کر سینہ پر باندھو۔
حضرت علی ؓ سے بھی اس آیت کی تفسیر اسی طرح منقول ہے۔
بیہقی اورابن ابی شیبہ اورابن منذر اورابن ابی حاتم اوردارقطنی وابوالشیخ وحاکم اور ابن مردویہ نے ان حضرات کی اس تفسیر کو ان لفظوں میں نقل کیاہے۔
حضرت امام ترمذی ؒ نے اس بارے میں فرمایاہے:
ورأی بعضهم أن یضعهما فوق السرة ورأی بعضهم أن یضعهما تحت السرة وکل ذلك واسعة عندهم۔
یعنی صحابہ رضی اللہ عنہ وتابعین میں بعض نے ناف کے اوپرباندھنا ہاتھ کااختیار کیا۔
بعض نے ناف کے نیچے اوراس بارے میں ان کے نزدیک گنجائش ہے۔
اختلاف مذکور افضلیت سے متعلق ہے اوراس بارے میں تفصیل بالا سے ظاہر ہوگیاہے کہ افضلیت اورترجیح سینہ پر ہاتھ باندھنے کو حاصل ہے۔
ناف کے نیچے ہاتھ باندھنے والوں کی بڑی دلیل حضرت علی رضی اللہ عنہ کا وہ قول ہے۔
جسے ابوداؤد اوراحمد اورابن ابی شیبہ اور دارقطنی اوربیہقی نے ابوحجیفہ ؓ سے روایت کیاہے کہ أن علیا قال السنة وضع الکف علی تحت السرة۔
یعنی سنت یہ ہے کہ دائیں ہاتھ کی کلائی کو بائیں ہاتھ کی کلائی پر ناف کے نیچے رکھاجائے۔
المحدث الکبیر مولانا عبدالرحمن صاحب مبارک پوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
قلت في إسناد هذاالحدیث عبدالرحمن بن إسحاق الواسطي وعلیه مدارهذاالحدیث وهوضعیف لایصلح للاحتجاج۔
یعنی میں کہتا ہوں کہ اس حدیث کی سند میں عبدالرحمن بن اسحاق واسطی ہے جن پر اس روایت کا دارومدارہے اوروہ ضعیف ہے۔
اس لیے یہ روایت دلیل پکڑنے کے قابل نہیں ہے۔
امام نووی ؒ فرماتے ہیں وهو حدیث متفق علی تضعیفه فإن عبدالرحمن بن إسحاق ضعیف بالاتفاق۔
یعنی اس حدیث کے ضعیف ہونے پر سب کا اتفاق ہے۔
ان حضرات کی دوسری دلیل وہ روایت ہے جسے ابن ابی شیبہ نے روایت کیاہے جس میں راوی کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ نے نماز میں اپنا دایاںہاتھ بائیں پر رکھا اورآپ کے ہاتھ ناف کے نیچے تھے۔
اس کے متعلق حضرت علامہ شیخ محمد حیات سندھی اپنے مشہورمقالہ '' فتح الغفور في وضع الأیدي علی الصدور'' میں فرماتے ہیں کہ اس روایت میں یہ تحت السرة۔
(ناف کے نیچے)
والے الفاظ راوی کتاب نے سہو سے لکھ دیے ہیں ورنہ میں نے مصنف ابن ابی شیبہ کا صحیح نسخہ خود مطالعہ کیاہے۔
اوراس حدیث کو اس سند کے ساتھ دیکھا ہے مگراس میں تحت السرة کے الفاظ مذکور نہیں ہیں۔
اس کی مزید تائید مسنداحمد کی روایت سے ہوتی ہے جس میں ابن ابی شبیہ ہی کی سند کے ساتھ اسے نقل کیا گیاہے اوراس میں یہ زیادتی لفظ تحت السرة والی نہیں ہے، مسنداحمد کی پوری حدیث یہ ہے:
حدثنا وکیع حدثنا موسیٰ بن عمیر العنبري عن علقمة بن وائل الحضرمي عن أبیه قال رأیت رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم واضعا یمینه علی شماله في الصلوٰة۔
یعنی علقمہ بن وائل اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز میں اپنا دایاں ہاتھ بائیں پر رکھے ہوئے دیکھا۔
دارقطنی میں بھی ابن ابی شبیہ ہی کی سند سے یہ روایت مذکور ہے، مگروہاں بھی تحت السرة کے الفاظ نہیں ہیں۔
اس بارے میں کچھ اورآثار وروایات بھی پیش کی جاتی ہیں، جن میں سے کوئی بھی قابل حجت نہیں ہے۔
پس خلاصہ یہ کہ نماز میں سینہ پر ہاتھ باندھنا ہی سنت نبوی ہے اوردلائل کی روسے اسی کو ترجیح حاصل ہے۔
جو حضرات اس سنت پر عمل نہیں کرتے نہ کریں مگر ان کو چاہئیے کہ اس سنت کے عاملین پر اعتراض نہ کریں۔
ان پر زبان طنزنہ کھولیں۔
اللہ پاک جملہ مسلمانوں کو نیک سمجھ عطا کرے کہ وہ ان فروعی مسائل پر الجھنے کی عادت پر تائب ہوکر اپنے دوسرے کلمہ گو بھائیوں کے لیے اپنے دلوں میں گنجائش پیدا کریں۔
واللہ هوالموفق۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 740