🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یہ قاسم حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے پوتے تھے۔ بڑے عالم اور فقیہ تھے۔ ان کے...
حدیث حاشیہ:
یہ قاسم حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے پوتے تھے۔
بڑے عالم اور فقیہ تھے۔
ان کے کلام سے اس شخص کی غلطی معلوم ہوگئی جو ایک رکعت وتر کو نا درست جا نتا ہے اور مجھ کو حیرت ہے کہ صحیح حدیثیں دیکھ کر پھر کوئی مسلمان یہ کیسے کہے گا کہ ایک رکعت وتر نا درست ہے۔
اس روایت سے گو عبد اللہ بن عمر کا تین رکعتیں وتر پڑھنا ثابت ہوتا ہے مگر حنفیہ کے لیے کچھ بھی مفید نہیں کیونکہ اس میں یہ نہیں ہے کہ عبد اللہ بن عمر ؓ ہمیشہ وتر کی تین ہی رکعتیں پڑھتے۔
علاوہ بھی اس کے دو سلام سے تین رکعتیں وتر کی ثابت ہیں اور حنفیہ ایک سلام سے کہتے ہیں (مولانا وحیدی)
یہی عبد اللہ بن عمر ؓ ہیں جن سے صحیح مسلم شریف ص 257 میں صراحتاً ایک رکعت وتر ثابت ہے۔
عن عبد اللہ بن عمر ؓ قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم الوتررکعة من آخر اللیل رواہ مسلم۔
حضرت ابن عمرؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وتر پچھلی رات میں ایک رکعت ہے۔
دوسری حدیث میں مزید وضاحت موجود ہے۔
عن أیوب رضي اللہ عنه قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم الوتر حق علی کل مسلم ومن أحب أن یوتر بخمس فلیفعل ومن أحب أن یوتر بثلاث فلیفعل ومن أحب أن یوتر بواحدة فلیفعل۔
(رواہ ابو داؤد والنسائی او ابن ماجہ)
یعنی حضرت ابوایوب ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وتر کی نماز حق ہے جو ہر مسلم کے لیے ضروری ہے اور جو چاہے پانچ رکعات وتر پڑھ لے اور جوچاہے تین رکعات اور جو چاہے ایک رکعت وتر ادا کر لے۔
اور بھی اس قسم کی کئی روایات مختلفہ کتب احادیث میں موجود ہیں۔
اسی لیے حضرت مولانا عبید اللہ شیخ الحدیث بذیل حدیث حضرت عائشہ صدیقہ لفظ:
ویوتر بواحدة۔
(آپ ایک رکعت وتر پڑھتے)
فرماتے ہیں:
فیه أن أقل الوتر رکعة وأن الرکعة الفردة صلوة صحیحة وھو مذھب الأئمة الثلاثه وھو الحق وقال أبو حنیفة لا یصح الإیتار بواحدة فلا تکون الرکعة الواحدة صلوة قط قال النووي والأحادیث الصحیحة ترد علیه۔
(مرعاة ج: 2ص: 158)
یعنی اس حدیث میں دلیل ہے کہ وتر کی کم از کم ایک رکعت ہے اور یہ کہ ایک رکعت پڑھنا بھی نماز صحیح ہے، ائمہ ثلاثہ کا یہی مذہب ہے اور یہی حق ہے (ائمہ ثلاثہ سے حضرت امام شافعی، امام مالک، امام احمدبن حنبل رحمہم اللہ مراد ہیں)
حضرت امام ابو حنیفہ ؒ فرماتے ہیں کہ ایک رکعت وتر صحیح نہیں، کیونکہ ایک رکعت نماز ہی نہیں ہوتی۔
امام نووی ؒ فرماتے ہیں کہ احادیث صحیحہ سے حضرت امام کے اس قول کی تردید ہوتی ہے۔
وتر کے واجب فرض سنت ہونے کے متعلق بھی اختلاف ہے، اس بارے میں حجۃ الہند حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ فرماتے ہیں:
والحق أن الوتر سنة ھو أوکد السنن بینه علی وابن عمر وعبادة ابن الصامت رضي اللہ عنهم۔
اور حق یہ ہے کہ نماز وتر سنت ہے اور وہ سب سنتوں سے زیادہ مؤکد ہے۔
حضرت علی،حضرت عبد اللہ عمر، حضرت عبادۃ بن صامت رضی اللہ عنہم نے ایسا ہی بیان فرمایا ہے۔
(حجة البالغة، ج: 2ص: 24)
وتر تین رکعت پڑھنے کی صورت میں پہلی رکعت میں سورۃ ﴿سبح اسم ربك الأعلی﴾ اور دوسری میں ﴿قل یأیھا الکفرون﴾ اور تیسری میں ﴿قل ھو اللہ أحد﴾ پڑھنا مسنون ہے۔
وتر کے بعد بآواز بلند تین مرتبہ سبحان الملك القدوس کا لفظ ادا کرنا مسنون ہے۔
ایک رکعت وتر کے بارے میں مزید تفصیلات حضرت نواب صدیق حسن صاحب ؒ کی مشہور کتاب ھدایة السائل إلی أدلة المسائل مطبوعہ بھوپال، ص: 255 پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 993