🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: خیر القرون میں دعا کا یہی طریقہ تھا اور سلف کا عمل بھی اسی پر رہا کہ...
حدیث حاشیہ:
خیر القرون میں دعا کا یہی طریقہ تھا اور سلف کا عمل بھی اسی پر رہا کہ مردوں کو وسیلہ بنا کر وہ دعا نہیں کرتے تھے کہ انہیں تو عام حالات میں دعا کا شعور بھی نہیں ہوتا بلکہ کسی زندہ مقرب بارگاہ ایزدی کو آگے بڑھا دیتے تھے۔
آگے بڑھ کر وہ دعا کرتے جاتے اور لوگ ان کی دعا پر آمین کہتے جاتے۔
حضرت عباس ؓ کے ذریعے اس طرح توسل کیاگیا۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ غیر موجود یا مردوں کو وسیلہ بنانے کی کوئی صورت حضرت عمر ؓ کے سامنے نہیں تھی۔
سلف کا یہی معمول تھا۔
اور حضرت عمر ؓ کا طرز عمل اس مسئلہ میں بہت زیادہ واضح ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ نے حضرت عباس کی دعا بھی نقل کی ہے، آپ نے استسقاءکی دعا اس طرح کی تھی” اے اللہ! آفت اور مصیبت بغیر گناہ کے نازل نہیں ہوتی اور توبہ کے بغیر نہیں چھٹتی۔
آپ کے نبی کے یہاں میری قدر ومنزلت تھی اس لیے قوم مجھے آگے بڑھا کر تیری بارگاہ میں حاضر ہوئی ہے۔
یہ ہمارے ہاتھ ہیں جن سے ہم نے گناہ کئے تھے اور توبہ کے لیے ہماری پیشانیاں سجدہ ریز ہیں، باران رحمت سے سیراب کیجئے۔
“ دوسری روایتوں میں ہے کہ حضرت عمر ؓ نے اس موقع پر خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت عباس ؓ کے ساتھ ایسا معاملہ تھا، جیسے بیٹے کاباپ کے ساتھ ہوتا ہے۔
پس لوگو!رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء کرو اور خدا کی بارگاہ میں ان کے چچا کو وسیلہ بناؤ۔
چنانچہ دعاءاستسقاء کے بعد اس زور کی بارش ہوئی کہ تاحد نظرپانی ہی پانی تھا۔
(ملخص)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1010