🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: کیونکہ آپ ﷺ چوتھی ذی الحجہ کو مکہ معظمہ پہنچے تھے اور چودھویں کو مراجعت فرمائے مدینہ...
حدیث حاشیہ:
کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چوتھی ذی الحجہ کو مکہ معظمہ پہنچے تھے اور چودھویں کو مراجعت فرمائے مدینہ ہوئے تو مدت اقامت کل دس دن ہوئی اور مکہ میں صرف چار دن رہنا ہوا باقی ایام منیٰ وغیرہ میں صرف ہوئے اسی لیے امام شافعی ؒ نے کہا کہ جب مسافر کسی مقام میں چار دن سے زیادہ رہنے کی نیت کرے تو پوری نماز پڑھے چار دن تک قصر کرتا رہے اور امام احمد نے کہا اکیس نمازوں تک (مولانا وحید الزماں مرحوم)
پچھلی روایت جس میں آپ کا قیام اکیس دن مذکور ہے اس میں یہ قیام فتح مکہ سے متعلق ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ امام بخاری ؒ نے مغازی میں دوسرے طریق سے اقامت کا مقام مکہ بیان فرمایا ہے جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انیس دن قیام فرمایا اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز قصرکرتے رہے معلوم ہوا کہ قصر کے لیے یہ آخری حد ہے اگر اس سے زیادہ ٹھہرنے کا فیصلہ ہو تو نماز پوری پڑھنی ہوگی اور اگر فیصلہ نہ کر سکے اور تردد میں آج کل آج کل کر تا رہ جائے تو وہ جب تک اس حالت میں ہے قصر کر سکتا ہے، جیسا کہ زاد المعاد میں علامہ ابن قیم ؒ نے بیان فرمایا:
ومنھا أنه صلی اللہ علیه وسلم أقام بتبوك عشرین یوما یقصر الصلوة ولم یقل للأمة لا یقصر الرجل الصلوة إذا قام أکثر من ذلك ولکن أنفق إقامته ھذہ المدة وھذہ الإقامة في حالة السفر لا تخرج عن حکم السفر سواء طالت أو قصرت إذا کان غیر متوطن ولا عازم علی الإقامة بذلك الموضع۔
یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تبوک میں بیس دن تک مقیم رہے اور نماز قصر فرماتے رہے اور آپ نے امت کے لیے نہیں فرمایا کہ امت میں سے اگر کسی کا اس سے بھی زیادہ کہیں (حالت سفر میں)
اقامت کا موقعہ آجائے تو وہ قصر نہ کرے۔
ایسا آپ نے کہیں نہیں فرمایا پس جب کوئی شخص سفر میں کسی جگہ بہ حیثیت وطن کے نہ اقامت کرے اور نہ وہاں اقامت کا عزم ہو مگر آج کل میں تردد رہے تو اس کی مدت اقامت کم ہو یا زیادہ وہ بہر حال سفر کے حکم میں ہے اور نماز قصر کر سکتا ہے۔
حافظ نے کہا کہ بعض لوگوں نے احمد سے امام احمد بن حنبل کو سمجھا یہ بالکل غلط ہے، کیونکہ امام احمد نے عبد اللہ بن مبارک سے نہیں سنا (وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1085