🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: بعضوں نے اس کو برا سمجھا ہے، امام بخاری ؒ نے یہ باب لا کر ان کا...
حدیث حاشیہ:
بعضوں نے اس کو برا سمجھا ہے، امام بخاری ؒ نے یہ باب لا کر ان کا رد کیا، کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خود نجاشی اور زید اور جعفر اور عبد اللہ بن رواحہ کی موت کی خبریں ان کے لوگوں کو سنائیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نجاشی پر نماز جنازہ پڑھی۔
حالانکہ وہ حبش کے ملک میں مرا تھا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تھے تو میت غائب پر نماز پڑھنا جائز ہوا۔
اہلحدیث اور جمہور علماء کے نزدیک یہ جائز ہے اور حنفیہ نے اس میں خلاف کیا ہے۔
یہ حدیث ان پر حجت ہے۔
اب یہ تاویل کہ اس کا جنازہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے لایا گیا تھا فاسد ہے، کیونکہ اس کی کوئی دلیل نہیں۔
دوسرے اگر سامنے بھی لایا گیا ہو تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے لایا گیا ہو گا نہ کہ صحابہ کے، انہوں نے تو غائب پر نماز پڑھی۔
(وحیدي)
نجاشی کے متعلق حدیث کو مسلم و احمد و نسائی و ترمذی نے بھی روایت کیا ہے اور سب نے ہی اس کی تصحیح کی ہے۔
علامہ شوکانى ؒ فرماتے ہیں:
وقد استدل بھذہ القصة القائلون بمشروعیة الصلوة علی الغائب عن البلد قال في الفتح وبذلك قال الشافعي وأحمدوجمهور السلف حتی قال ابن حزم لم یأت عن أحد من الصحابة منعه قال الشافعي علی المیت دعاء فکیف لا یدعی له وھو غائب أو في القبر۔
(نیل الأوطار)
یعنی جو حضرات نماز جنازہ غائبانہ کے قائل ہیں انہوں نے اسی واقعہ سے دلیل پکڑی ہے اور فتح الباری میں ہے کہ امام شافعی اور احمد اور جمہور سلف کا یہی مسلک ہے۔
بلکہ علامہ ابن حزم کا قول تو یہ ہے کہ کسی بھی صحابی سے اس کی ممانعت نقل نہیں ہوئی۔
امام شافعی کہتے ہیں کہ جنازہ کی نماز میت کے لئے دعا ہے۔
پس وہ غائب ہو یا قبر میں اتاردیا گیا ہو، اس کے لیے دعا کیوں نہ کی جائے گی۔
نجاشی کے علاوہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے معاویہ بن معاویہ لیثی ؓ کا جنازہ غائبانہ ادا فرمایا جن کا انتقال مدینہ میں ہوا تھا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تبوک میں تھے اور معاویہ بن مقرن اور معاویہ بن معاویہ مزنی کے متعلق بھی ایسے واقعات نقل ہوئے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے جنازے غائبانہ ادا فرمائے۔
اگرچہ یہ روایات سند کے لحاظ سے ضعیف ہیں۔
پھر بھی واقعہ نجاشی سے ان کی تقویت ہوتی ہے۔
جو لوگ نماز جنازہ غائبانہ کے قائل نہیں ہیں وہ اس بارے میں مختلف اعتراض کرتے ہیں۔
علامہ شوکانی بحث کے آخر میں فرماتے ہیں:
والحاصل أنه لم یأت المانعون من الصلوة علی الغائب بشيء یعتد به الخ۔
یعنی مانعین کوئی ایسی دلیل نہ لا سکے ہیں جسے گنتی شمار میں لایا جائے۔
پس ثابت ہوا کہ نماز جنازہ غائبانہ بلا کراہت جائز و درست ہے۔
تفصیل مزید کے لیے نیل الاوطار (جلد: 3ص55، 56)
کا مطالعہ کیا جائے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1245