🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس طویل حدیث میں آنحضرت ﷺ نے اپنی امت کے مستقبل کی بابت کئی ایک اشارے فرمائے...
حدیث حاشیہ:
اس طویل حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کے مستقبل کی بابت کئی ایک اشارے فرمائے جن میں سے بیشتر باتیں وجود میں آچکی ہیں۔
اس سلسلہ میں آپ نے مسلمانوں کے عروج واقبال کے دور پر بھی اشارہ فرمایا۔
اور یہ بھی بتلایا کہ دنیا کی ترقی مال ودولت کی فراوانی یہاں کا عیش وعشرت یہ چیزیں بظاہر خیر ہیں مگر بعض دفعہ ان کا نتیجہ شرسے بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔
اس پر بعض لوگوں نے کہا کہ حضور کیا خیر کبھی شرکا باعث ہوجائے گی۔
اس سوال کے جواب کے لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم وحی کے انتظار میں خاموش ہوگئے۔
جس سے کچھ لوگوں کو خیال ہوا کہ آپ اس سوال سے خفا ہوگئے ہیں۔
کافی دیر بعد جب اللہ پاک نے آپ کو بذریعہ وحی جواب سے آگاہ فرمادیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ مثال دے کر جو حدیث میں مذکور ہے سمجھایا اور بتلایا کہ گو دولت حق تعالیٰ کی نعمت اور اچھی چیز ہے مگر جب بے موقع اور گناہوں میں صرف کی جائے تو یہی دولت عذاب بن جاتی ہے۔
جیسے فصل کی ہری گھاس وہ جانوروں کے لیے بڑی عمدہ نعمت ہے۔
مگر جو جانور ایک ہی مرتبہ گر کر اس کو حد سے زیادہ کھا جائے تو اس کے لیے یہی گھاس زہر کا کام دیتی ہے۔
جانور پر کیا منحصر ہے۔
یہی روٹی جو آدمی کے لیے باعث حیات ہے اگر اس میں بے اعتدالی کی جائے تو باعث موت بن جاتی ہے۔
تم نے دیکھا ہوگا قحط سے متاثر بھوکے لوگ جب ایک ہی مرتبہ کھانا پالیتے ہیں اور حد سے زیادہ کھا جاتے ہیں تو بعض دفعہ ایسے لوگ پانی پیتے ہی دم توڑ دیتے ہیں اور ہلاک ہوجاتے ہیں۔
یہ کھانا ان کے لیے زہر کا کام دیتاہے۔
پس جو جانور ایک ہی مرتبہ ربیع کی پیداوار پر نہیں گرتا بلکہ سوکھی گھاس پر جو بارش سے ذرا ذرا ہری نکلتی ہے اسکے کھانے پر قناعت کرتا ہے۔
اور پھر کھانے کے بعد سورج کی طرف منہ کرکے کھڑے ہوکر اس کے ہضم ہونے کا انتظار کرتا ہے۔
پاخانہ پیشاب کرتا ہے تو وہ ہلاک نہیں ہوتا۔
اسی طرح دنیا کا مال بھی ہے جو اعتدال سے حرام وحلال کی پابندی کے ساتھ اس کو کماتا ہے اس سے فائدہ اٹھاتا ہے آپ کھاتا ہے۔
مسکین‘ یتیم‘ مسافروں کی مدد کرتا ہے تو وہ بچارہتا ہے۔
مگر جو حریص کتے کی طرح دنیا کے مال واسباب پر گرپڑتا ہے اور حلال وحرام کی قید اٹھا دیتا ہے۔
آخر وہ مال اس کو ہضم نہیں ہوتا۔
اور استفراغ کی ضرورت پڑتی ہے۔
کبھی بدہضمی ہوکر اسی مال کی دھن میں اپنی جان بھی گنوادیتا ہے۔
پس مال دنیا کی ظاہری خوبصورتی پر فریب مت کھاؤ‘ ہوشیار رہو‘ حلوہ کے اندر زہرلپٹا ہوا ہے۔
حدیث کے آخری الفاظ کالذي یأ کل ولا یشبع میں ایسے لالچی طماع لوگوں پر اشارہ ہے جن کو جوع البقر کی بیماری ہوجاتی ہے اور کسی طرح ان کی حرص نہیں جاتی۔
حدیث اور باب میں مطابقت حدیث کا جملہ فنعم صاحب المسلم ماأعطی منه المسکین والیتیم وابن السبیل ہے کہ اس سے یتیموں پر صدقہ کرنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1465