🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
683۔ اردو حاشیہ : ➊ ’’ آیندہ ایسے نہ کرنا۔“ کا مطلب ہے کہ یہ دیکھ کر کہ جماعت...
683۔ اردو حاشیہ:
➊ ” آیندہ ایسے نہ کرنا۔“ کا مطلب ہے کہ یہ دیکھ کر کہ جماعت ہو رہی ہے اور امام رکوع میں چلا گیا ہے، تو تم تیزی سے دوڑتے ہوئے آؤ، اور پھر دروازے ہی سے رکوع کر لو اور حالت رکوع ہی میں چلتے ہوئے صف میں شامل ہو۔ آئندہ اس طرح نہ کرنا، بلکہ اطمینان اور وقار سے آ کر صف میں شامل ہو۔ باقی رہا مسئلہ کہ اس رکعت کو شمار کیا گیا یا نہیں کیا گیا؟ اس حدیث میں اس امر کی کوئی صراحت نہیں ہے۔ لیکن ایک دوسری حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: «اذا اتيت الصلاة فاتها بوقار وسكنينة فصل ما ادركت واقض ما فاتك» [الصحيحه، حديث: 1198، بحواله الاوسط، للطبراني]
”جب تم نماز کے لیے آؤ تو وقار اور آرام سے آؤ، پس جو (جماعت کے ساتھ) پالو، پڑھ لو اور جو فوت ہو جائے، اسے پور ا کر لو۔“ ظاہر بات ہے کہ جب حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے قیام اور سورۃ فاتحہ رہ گئی، تو انہوں نے یہ رکعت دہرائی ہو گی، جس کا ذکر گو حدیث میں نہیں ہے، لیکن فرمان نبوی کی رُو سے انہوں نے یقیناًً ایسا کیا ہو گا، اگر اسی طرح رکعت کا اثبات یا جواز ہوتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان کو یہ نہ کہتے کہ آئندہ ایسا نہ کرنا۔ بعض لوگ «لا تَعُدْ» ( «عاد» ، «يعود» ، «عَوُد» سے) کو «لا تُعِدْ» پڑھتے ہیں اور اسے «اَعَادَ» ، «يُعيد» سے بتلاتے ہیں اور معنی کرتے ہیں۔ اس رکعت کو نہ لوٹانا۔ اور یوں مدرک رکوع کے لیے رکعت کا اثبات کرتے ہیں۔ لیکن اس کا ”اِعَادَہ“ سے ہونا سیاق کلام سے میل نہیں کھاتا۔ اس طرح بعض لوگ اسے «عَدّ» ، «يَعُدُّ» ”شمار کرنا“ سے قرار دے کر «لا تَعُدّ» پڑھتے ہیں، یعنی اس رکعت کو شمار نہ کرنا۔ اس طرح گویا لفظ میں متعدد احتمالات پائے جاتے ہیں۔ لیکن سیاق کے اعتبار سے اس کے پہلے معنی ہی اس رکعت کو شمار نہ کرنا۔ اس طرح گویا لفظ میں متعدد احتمالات پائے جاتے ہیں، لیکن سیاق کے اعتبار سے اس کے پہلے معنی ہی صحیح ہیں اور اس سے مدرک رکوع کے لیے رکعت کا اثبات نہیں ہوتا۔ علاوہ ازیں دیگر دلائل بھی اسی موقف کے موئد ہیں، اس لیے یہی راجح اور قوی ہے۔ «والله اعلم»
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 683