🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: ہوا یہ کہ ابوموسیٰ ؓ کے ساتھ قربانی نہ تھی۔ جن لوگوں کے ساتھ قربانی نہ تھی...
حدیث حاشیہ:
ہوا یہ کہ ابوموسیٰ ؓ کے ساتھ قربانی نہ تھی۔
جن لوگوں کے ساتھ قربانی نہ تھی گو انہوں نے میقات سے حج کی نیت کی تھی مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کو فسخ کرکے ان کو عمرہ کرکے احرام کھولنے کا حکم دیا اور فرمایا اگر میرے ساتھ ہدی نہ ہوتی تو میں بھی ایسا ہی کرتا، ابوموسیٰ ؓ اسی کے مطابق فتویٰ دیتے رہے کہ تمتع کرنا درست ہے اور حج کو فسخ کرکے عمرہ بنا دینا درست ہے، یہاں تک کہ حضرت عمر ؓ کا زمانہ آیا تو انہوں نے تمتع سے منع کیا۔
(وحیدی)
اس روایت سے باب کا مطلب یوں نکلا کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت تک احرام نہیں کھولا جب تک قربانی اپنی ٹھکانے نہیں پہنچ گئی یعنی منیٰ میں ذبح یا نحر نہیں کی گئی تو معلوم ہوا کہ قربانی حلق پر مقدم ہے اور باب کا یہی مطلب تھا۔
حضرت عمر ؓ نے اللہ کی کتاب سے یہ آیت مراد لی ﴿وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلَّهِ﴾ (البقرة: 196)
اور اس آیت سے استدلال کرکے انہوں نے حج کو فسخ کرکے عمرہ بنا دینا اور احرام کھول ڈالنا ناجائز سمجھا حالانکہ حج کو فسخ کرکے عمرہ کرنا آیت کے خلاف نہیں ہے کیوں کہ اس کے بعد حج کا احرام باندھ کر اس کو پورا کرتے ہیں اور حدیث سے بھی استدلال صحیح نہیں اس لیے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہدی ساتھ لائے تھے اور جو شخص ہدی ساتھ لائے اس کو بے شک احرام کھولنا اس وقت تک درست نہیں جب تک ذبح نہ ہو لے لیکن کلام اس شخص میں ہے جس کے ساتھ ہدی نہ ہو۔
(وحیدی)
و مطابقتة للترجمة من قول عمر فیه لم یحل حتی بلغ الهدي محله لأن بلوغ الهدي محله یدل علی ذبح الهدي فلو تقدم الحلق علیه لصار متحللا قبل بلوغ الهدي محله و هذا هو الأصل و هو تقدیم الذبح علی الحلق و أما تأخیرہ فهو رخصة۔
(فتح)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1724