🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کا فتوی حائضہ اور نفساءعورتوں کے متعلق پہلے یہ...
حدیث حاشیہ:
کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کا فتوی حائضہ اور نفساءعورتوں کے متعلق پہلے یہ تھا کہ وہ حیض اور نفاس کا خون بند ہونے کا انتظار کریں اور پاک ہونے پر طواف وداع کرکے رخصت ہوں، مگر جب ان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث معلوم ہوئی تو انہوں نے اپنے اس مسلک سے رجوع کر لیا۔
اس سے ثابت ہوا کہ صحابہ کرام ؓ کا عام دستور العمل یہی تو تھا کہ وہ حدیث صحیح کے سامنے اپنے خیالات کو چھوڑ دیا کرتے تھے اور اپنے مسلک سے رجوع کر لیا کرتے تھے، نہ جیسا کہ بعد کے مقلدین جامدین کا دستور بن گیا ہے کہ حدیث صحیح جو ان کے مزعومہ مسلک کے خلاف ہو اسے بڑے بے باکی کے ساتھ رد کردیتے ہیں اوراپنے مزعومہ امام کے قول کو ہرحال میں ترجیح دیتے ہیں۔
آیت کریمہ ﴿اتَّخَذُوا أَحْبَارَهُمْ وَرُهْبَانَهُمْ أَرْبَابًا مِنْ دُونِ اللَّهِ﴾ (التوبة: 31)
کے مصداق درحقیقت یہی لوگ ہیں جن کے بارے میں حضرت شاہ ولی اللہ محدث مرحوم نے فرمایا کہ احادیث صحیحہ کو رد کرکے اپنے امام کے قول کو ترجیح دینے والے اس دن کیا جواب دیں گے جس دن دربار الٰہی میں پیشی ہوگی۔
(حجة اللہ البالغة)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1755